برطانیہ میں ساڑھے 150 سال سے ناپید سمجھے جانے والے سنہری عقاب کو دوبارہ متعارف کرانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ ایک تازہ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ کے 8 علاقے اس عظیم شکاری پرندے کی آبادی کو سہارا دے سکتے ہیں۔ حکومت نے بحالی پروگرام کے لیے 10 لاکھ پاؤنڈ کی اضافی فنڈنگ بھی منظور کی ہے۔
تحقیق فارسٹری انگلینڈ نے شائع کی جس میں بتایا گیا کہ شمالی انگلینڈ کے جنگلاتی اور پہاڑی علاقے اس پرندے کے لیے موزوں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ ممکنہ ‘ری کوری زونز’ کم از کم 8 مقامات پر مشتمل ہیں اور مکمل افزائش نسل میں ایک دہائی سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سفید دم والے نایاب عقاب کہاں گئے؟ برطانوی پولیس گمشدہ پرندوں کا سراغ لگانے میں مصروف
ماہرین کے مطابق اس منصوبے کا مقصد سکاٹلینڈ سے آنے والے پرندوں کو جنوبی سرحد تک پھیلنے میں مدد دینا ہے جہاں پہلے ہی ان کی کچھ نقل و حرکت دیکھی جا رہی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سکاٹش آبادی میں اضافے کے باعث سنہری عقاب اب انگلینڈ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
اس پرندے کو شیکسپیئر کا پسندیدہ پرندہ سمجھا جاتا ہے جس کا انہوں نے اپنی تحریروں میں 40 بار ذکر کیا، تاہم شکار اور دیگر عوامل کی وجہ سے اس کی آبادی انگلینڈ میں ختم ہوگئی تھی۔
برطانوی وزیر ماحول ایما رینالڈز نے کہا کہ حکومت مقامی جنگلی حیات کی بحالی کے لیے پرعزم ہے اور سنہری عقاب جیسے نایاب پرندوں کو دوبارہ آباد کیا جائے گا۔ فارسٹری انگلینڈ کے چیف ایگزیکٹو مائیک سیڈن نے کہا کہ اس تحقیق کے نتائج آئندہ اقدامات کے لیے رہنمائی فراہم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: چترال میں روسی باشندے کے ہاتھوں مارخور کے شکار کیساتھ ہنٹنگ سیزن اختتام پذیر ہوگیا
رپورٹ کے مصنف سیمی گیسکوئلر کے مطابق یہ منصوبہ کئی سال میں مکمل ہوگا جبکہ محکمہ ماحولیات ڈیفرا نے بھی مجموعی طور پر 6 کروڑ پاؤنڈ کی نوعیاتی بحالی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے جس کا حصہ یہ منصوبہ بھی ہے اور اس پر عملدرآمد آئندہ سال سے شروع ہونے کی توقع ہے۔













