پاکستان کا امن اور جنگ بندی کے لیے کردار قابل تعریف ہے، بھارتی سکھ یاتری

جمعرات 16 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور بھارت میں سکھ یاتریوں کے ساتھ سلوک اور سہولیات کے حوالے سے ایک واضح فرق سامنے آتا ہے، جہاں پاکستان میں بیساکھی میلے کے موقع پر آنے والے سکھ یاتریوں کو حکومتی سطح پر بھرپور پروٹوکول اور سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، وہیں بھارت میں سکھوں سمیت دیگر اقلیتوں پر طرح طرح کے مظالم ڈھائے جاتے ہیں۔

رواں برس بیساکھی میلے کے موقع پر بھارت سمیت مختلف ممالک سے آنے والے سکھ یاتری جب پاکستان کے شہر حسن ابدال پہنچے تو انہیں منظم انتظامات، سیکیورٹی اور مہمان نوازی کے اعلیٰ معیار کے تحت خوش آمدید کہا گیا۔

یاتریوں کی رہائش، آمدورفت اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے جبکہ پنجہ صاحب سمیت مقدس مقامات پر عقیدت مندوں کو سہولتیں فراہم کی گئیں۔

پاکستان میں سکھ برادری کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال اور بحالی کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ہر سال بیساکھی سمیت دیگر مذہبی تہواروں پر سیکیورٹی اور سہولتوں کو خصوصی طور پر یقینی بنایا جاتا ہے۔

اس کے برعکس بھارت اقلیتوں کے لیے ایک ایسا ملک بن کر رہ گیا ہے جہاں وہ لوگ ہر وقت خوف کے سائے میں اپنی زندگی بسر کرتے ہیں۔

مبصرین کے مطابق پاکستان کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لیے کیے جانے والے انتظامات نہ صرف مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں بلکہ خطے میں مثبت سفارتی تاثر بھی قائم کرتے ہیں، لیکن بھارت میں اقلیتوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کا انسانی حقوق کے رہنماؤں کو نوٹس لینا چاہیے۔

سکھ یاتری پاکستان کی سفارتی صلاحیتوں کے بھی معترف نکلے

دوسری جانب رواں برس بیساکھی کی تقریبات میں دنیا بھر سے پاکستان آنے والے سکھ یاتری پاکستان کی سفارتی صلاحیتوں کے بھی معترف نکلے۔

انہوں نے نہ صرف خطے بلکہ دنیا کو جنگ کے جہنم سے نکالنے کی کامیاب کاوش پر وطن عزیز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایک یاتری تیجندر سنگھ کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستان کا بیحد شکرگزار ہوں جس نے امریکا، اسرائیل اور ایران کا سمجھوتا کرواتے ہوئے جنگ بندی کروادی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک بہت بڑا کام کردیا ورنہ یہ جنگ کئی ممالک کو مشکل میں مبتلا کردیتی۔

’وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر عظیم شخصیا ت ہیں‘

ایک اور یاتری نے کہاکہ ’آپ کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بہت عظیم شخصیات ہیں‘۔

 یاتریوں کا کہنا تھا کہ ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی گزارش کرتے ہیں کہ یہ جنگ مکمل بند کردیں کیوں کہ امن ہوگا تو دنیا خوشحال رہے گی۔

ایک بزرگ یاتری نے کہاکہ لڑائی جگھڑے مسائل کا حل نہیں ہوتے آپس میں محبت ہونی چاہیے جس سے معاملات درست سمت میں چلتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ امن ہونا چاہیے خواہ وہ کوئی بھی قائم کروادے اور ہم ایسا کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp