پاکستانی فلم انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی، شان شاہد اور میرا، ایک طویل عرصے کے بعد ایک نئی نفسیاتی تھرلر فلم ’سائیکو‘ میں دوبارہ ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ اس بڑے پروجیکٹ کی تشہیری مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے جس نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں جوش و خروش پیدا کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا شان شاہد اداکارہ ریما خان سے شادی کرنا چاہتے تھے؟
فلم سازوں نے اس اہم فلم کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فلم 27 مئی 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ شان شاہد نے اس فلم میں نہ صرف مرکزی کردار ادا کیا ہے بلکہ وہ اس کے مصنف اور ہدایت کار بھی ہیں۔
حالیہ پریس کانفرنس کے دوران شان شاہد نے بتایا کہ ’سائیکو‘ محض ایک عام کہانی نہیں بلکہ انسانی ذہن کی گہرائیوں اور حقیقت و وہم کے درمیان موجود باریک لکیر کی عکاسی کرتی ہے۔ فلم کے ٹریلر میں ایک چونکا دینے والا جملہ بھی نمایاں ہے کہ ’اصل دشمن دماغ میں رہتا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: شان شاہد نے بھارت میں کام نہ کرنے کی وجہ بتادی
شان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سینما کو اب ایسا مواد تیار کرنا چاہیے جو تفریح کے ساتھ ساتھ ذہنی اور فکری طور پر بھی ناظرین کو متاثر کرے۔
میڈیا ایونٹ کے دوران اداکارہ میرا انتہائی پُراعتماد نظر آئیں اور انہوں نے شان شاہد کی صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ میرا نے شان کو ایک ’دور اندیش شخصیت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایت کاری میں کام کرنا ایک اعزاز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا سلمان خان اداکارہ میرا کی نئی فلم میں ان کی مدد کر رہے ہیں؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ شان میں وہ جوہر موجود ہے جو چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو پہچان کر اسے عالمی سطح کے فن میں بدل دیتا ہے۔
بڑے فنکاروں کی کہکشاں: فلم کی معاون کاسٹ میں انڈسٹری کے نامور نام شامل ہیں جن میں جاوید شیخ، سونیا حسین، نیر اعجاز اور شبیر جان جیسے تجربہ کار اداکار اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ فلم کی کہانی اور اس کی مضبوط کاسٹ کو دیکھتے ہوئے اسے 2026 کی بڑی فلموں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔













