رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس اور ملٹری انٹیلیجنس کی مشترکہ کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب ڈاکو احمد بکھرانی نے ہتھیار ڈال دیے، جس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر تھی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق بدنام زمانہ اور مطلوب ملزم نے سکیورٹی فورسز کے دباؤ میں آ کر سرنڈر کیا۔
ڈی پی او عرفان علی سموں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے احمد بکھرانی کی گرفتاری پر ایک کروڑ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا، جبکہ اب تک ہیڈ منی رکھنے والے 24 خطرناک ڈاکو ہتھیار ڈال چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جاری کچہ آپریشن کے دوران اب تک 66 خطرناک ڈاکو مارے جا چکے ہیں، 101 زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ 20 نے سرنڈر کیا ہے۔
ان کے بقول کچے کے علاقے کو مکمل طور پر جرائم سے پاک کرنے کے لیے آپریشن آخری ڈاکو کی گرفتاری یا ہتھیار ڈالنے تک جاری رکھا جائے گا۔
ادھر انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے ایک کروڑ روپے کے انعامی ڈاکو کے سرنڈر پر رحیم یار خان پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی ہے۔













