علی رضا نے پی ایس ایل کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین بولر کا اعزاز حاصل کرلیا

بدھ 22 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ میں آج (بروز بدھ) جہاں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کے خلاف ناممکن کو ممکن کر دکھایا، وہیں لاہور میں پشاور زلمی کے 18 سالہ نوجوان فاسٹ بولر علی رضا نے تاریخ رقم کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11: عثمان خان کی دھواں دار سینچری کی بدولت حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

علی رضا نے کراچی کنگز کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں 149 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بجلی کی سی تیز بولنگ کرتے ہوئے پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے کم عمر ترین ہیٹ ٹرک کرنے والے بولر کا اعزاز حاصل کیا۔

 ایک موقع پر کراچی کی ٹیم 161 رنز پر صرف 3 وکٹیں گنوا کر کافی مضبوط پوزیشن میں تھی، لیکن اننگز کے آخری اوور میں علی رضا نے تباہی مچا دی اور مسلسل 3 گیندوں پر خوشدل شاہ، شاہد عزیز اور پھر حسن علی کو ٹھکانے لگا کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

کراچی کنگز کے اوپنر جیسن رائے نے 85 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو بڑے اسکور کی امید دلائی تھی، مگر علی رضا کے اس یادگار اسپیل کی بدولت کراچی کی بیٹنگ لائن آخری چند گیندوں میں مکمل طور پر بکھر گئی اور ٹیم محض 182 رنز تک محدود رہ گئی۔

علی رضا نے اپنے چار اوورز میں 41 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں اور یہ ثابت کر دیا کہ وہ انڈر 19 ورلڈ کپ کی طرح پی ایس ایل کے بڑے اسٹیج پر بھی اپنی دھاک بٹھانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس زبردست بولنگ پرفارمنس نے پشاور زلمی کی جیت کی راہ ہموار کر دی اور شائقینِ کرکٹ کو ایک نیا ابھرتا ہوا ستارہ مل گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp