وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انرجی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی توانائی ضروریات، بچت اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انرجی سیکیورٹی اب ملک کی مجموعی منصوبہ بندی کا انتہائی اہم حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے باوجود بروقت اقدامات اور توانائی کی بچت کے باعث ملک میں کسی بڑے بحران کو جنم نہیں لینے دیا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کے مشیر کے ساتھ کچھ روز قبل ہونے والی ملاقات کو خوشگوار قرار دیدیا
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر خام تیل کے اسٹریٹجک ذخائر قائم کرنے کے منصوبے پر تیزی سے کام کیا جائے۔ انہوں نے ماحول دوست پالیسیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ذرائع آمد و رفت کو بتدریج برقی گاڑیوں (EV) پر منتقل کیا جائے اور آئندہ سرکاری استعمال کے لیے صرف الیکٹرک بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں۔
اجلاس میں ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کو تیز کرنے، شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی اضافی بجلی کے ذخیرے کے لیے بیٹریوں کی دستیابی آسان بنانے اور مقامی سطح پر اعلیٰ معیار کی بیٹریاں تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی مستقبل کی ضروریات کے لیے خام تیل کے اسٹریٹجک ذخائر قائم کرنے کے منصوبے پر تیزی سے کام کیا جائے۔ ذرائع آمد و رفت کو بتدریج برقی گاڑیوں پر منتقل کیا جائے اور آئندہ سرکاری استعمال کے لیے صرف الیکٹرک بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں۔@asifbashirch @hamzasays pic.twitter.com/PcG3LGkw9W
— Media Talk (@mediatalk922) April 23, 2026
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل کوارڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (NCMC) روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور غذائی سیکیورٹی بھی مستحکم ہے۔
بریفنگ کے مطابق تیل و گیس کمپنیوں کی کوششوں سے مقامی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ گرڈ سطح پر بیٹری اسٹوریج کے لیے دو تجرباتی منصوبوں کا پی سی ون تیار کیا جا رہا ہے۔ گھریلو سطح پر شمسی توانائی استعمال کرنے والوں کو بیٹری اسٹوریج لگانے کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: مطالعہ باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا عالمی یومِ کتب پر پیغام
اجلاس میں وفاقی وزرا مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سردار اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، احسن اقبال، مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔














