سابق وزیرِاعظم وصدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف کی ہدایت پر گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاسی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ اسی سلسلے میں وفاقی وزیر امیر مقام 2 روزہ دورے پر گلگت بلتستان روانہ ہو گئے ہیں، جبکہ ان کے ہمراہ مشیر اور قریبی ساتھی سردار طارق بھی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران-امریکا تنازع: گلگت بلتستان کے عوام پُر اعتماد کیوں ہیں؟
اپنے دورے کے دوران امیر مقام مختلف اضلاع میں پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں سے ملاقاتیں کریں گے اور ریجنل قیادت کے ساتھ مشاورت کے ذریعے جامع انتخابی حکمتِ عملی ترتیب دی جائے گی۔ اس عمل میں وزیر امور کشمیر کے قریبی ساتھی سردار طارق تنظیمی ہم آہنگی کو یقینی بنانے اور سیاسی روابط کو مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی انتخابات جولائی میں متوقع ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ان دونوں خطوں میں امیر مقام اور سردار طارق کی متحرک موجودگی مسلم لیگ (ن) کی انتخابی پوزیشن کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
دورے کے شیڈول کے مطابق وفاقی وزیر امیر مقام یونیورسٹی آف بلتستان میں منعقدہ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جہاں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل نواز شریف نے گلگت بلتستان کے حوالے سے اپنے خطاب میں اس خطے کی ترقی، آئینی حیثیت اور عوامی مسائل کے حل کو مسلم لیگ (ن) کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیا تھا، اور پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی تھی کہ وہ انتخابی تیاریوں کے ساتھ ساتھ عوامی رابطہ مہم کو بھی مؤثر انداز میں جاری رکھیں۔
بلتستان یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم، نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر زور
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بلتستان یونیورسٹی سکردو میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جہاں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سڑکوں، سولرائزیشن اور دانش اسکولز سمیت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، مہارت اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کر رہی ہے اور لیپ ٹاپ اسکیم طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں مدد دے رہی ہے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ لیپ ٹاپ کو اپنی کامیابی کی کنجی کے طور پر استعمال کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے مؤثر سفارتی کردار ادا کیا ہے، جبکہ وزیراعظم اور عسکری قیادت نے کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔














