اسلام آباد: تھانہ نون کی حدود میں اندوہناک سانحہ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل

ہفتہ 25 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت کے علاقے تھانہ نون کی حدود میں پیش آنے والے اندوہناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان نے ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت 46 سالہ حبیب مجید، ان کی بہن شمیم بی بی، بہنوئی ملا خیل اور بھانجے موسم خان کے طور پر کر لی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس کی کارروائی، اندھے قتل کا ملزم گرفتار

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جائے وقوعہ کو مکمل طور پر سیل کر کے کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

پولیس کے مطابق اطلاع دینے والے سیکیورٹی گارڈ اور اہلِ محلہ کے بیانات بھی ریکارڈ کر لیے گئے ہیں تاکہ واقعے کی نوعیت کو بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔ مزید برآں نیشنل فرانزک پولیس ہومیسائیڈ یونٹ نے بھی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت گھر میں خاتون کا سسر بھی موجود تھا، تاہم وقوعے کے بعد سے وہ لاپتا ہے، جس کے باعث تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سسر کی تلاش جاری ہے اور اس پہلو کو بھی سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر گھریلو تنازع کو ایک ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم دیگر پہلوؤں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا رہا۔ قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ مزید شواہد اور بیانات کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp