وائٹ ہاؤس کے روایتی عشائیے میں اس بار کامیڈین کی جگہ مینٹلسٹ اوز پرلمن کا جادو چلے گا

ہفتہ 25 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وائٹ ہاؤس کرسپونڈنٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ عشائیے نے اس بار دہائیوں پرانی روایت کو توڑتے ہوئے سب کو حیران کر دیا ہے۔

ہفتے کی رات منعقد ہونے والی اس تقریب میں، جہاں عموماً مزاحیہ فنکار سیاستدانوں اور صحافیوں پر طنز و مزاح کے تیر چلاتے تھے، اس بار عالمی شہرت یافتہ مینٹلسٹ اوز پرلمن اپنے دماغ پڑھنے کے حیرت انگیز کمالات دکھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ’لگایا ہٹایا، ہٹا کر لگایا‘، 28 فٹ اونچے سانتا کلاز کی دلچسپ و عجیب کہانی

 43 سالہ اوز پرلمن، جو نیوز اینکرز، کھلاڑیوں اور فارچیون 500 کمپنیوں کے سربراہان کے خفیہ ‘پن کوڈز’ بوجھنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکے ہیں، اب واشنگٹن کے بااثر ترین افراد کے ذہنوں میں جھانکنے کی کوشش کریں گے۔

ایسوسی ایشن کی صدر ویجیا جیانگ نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اوز پرلمن کی شمولیت سے تقریب میں ایک نیا اور دلچسپ رنگ پیدا ہوگا، جس سے یہ اندازہ لگایا جاسکے گا کہ واشنگٹن کے خبر سازوں کے ذہنوں میں حقیقت میں کیا چل رہا ہے۔

اوز پرلمن، جنہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز نوعمری میں تاش اور سکوں کے کرتبوں سے کیا اور وال اسٹریٹ کی ملازمت چھوڑ کر اسے مستقل پیشہ اپنایا، 2015 میں ‘امریکا گاٹ ٹیلنٹ’ میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے تھے۔ وہ اسٹیفن کولبرٹ اور جے لینو جیسے بڑے ناموں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اس باوقار اسٹیج پر پرفارم کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

یہ بھی پڑھین: تفتیشی افسر نے کمرہ عدالت میں بم پھوڑ دیا، عدالتی پیشیوں کے دلچسپ و عجیب واقعات

این پی آر سے گفتگو کرتے ہوئے اوز پرلمن نے بتایا کہ جب انہیں اس تقریب کے لیے مدعو کیا گیا تو انہیں لگا کہ شاید یہ کوئی مذاق ہے، لیکن جلد ہی وہ اس دعوت کے پیچھے چھپے مقصد کو سمجھ گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کا کام لوگوں کی تضحیک کرنا نہیں بلکہ انہیں ایک دوسرے کے قریب لانا ہے، خاص طور پر ایک ایسے ماحول میں جہاں لوگ سیاست، معیشت اور جنگ جیسے معاملات پر شدید اختلافات رکھتے ہیں۔

اوز پرلمن کو امید ہے کہ ان کی 25 منٹ کی کارکردگی کے دوران پورا ہال قہقہوں اور حیرت سے گونج اٹھے گا اور لوگ ایک بہتر موڈ کے ساتھ وہاں سے رخصت ہوں گے، جس کی اس وقت ملک کو اشد ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp