امریکی شہر نیش ول میں اس وقت ایک غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی جب ’پیکاسو‘ نامی ایمیو اچانک اپنے گھر کے باڑے سے فرار ہو کر شہر کی سڑکوں پر نکل آیا۔
یہ واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا، جب ایمیو نے اپنے انکلوژر کا لاک ٹوٹنے کے بعد آزادی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگ نکلنے کا فیصلہ کیا۔ حیران کن طور پر پیکاسو زیادہ دور نہ جا سکا اور تقریباً ایک میل کے فاصلے پر چند گھنٹوں کے اندر ہی نظر آ گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایبٹ آباد سے پکڑا جانے والا زخمی چیتا ہلاک ہوگیا
نیش ول میٹرو اینیمل کیئر اینڈ کنٹرول کے اہلکار موقع پر پہنچے اور اسے بڑی احتیاط سے قابو کر کے ایک خصوصی ٹریلر میں منتقل کیا، جسے اس غیر معمولی مہمان کے لیے پہلے ہی تیار کیا گیا تھا۔
محکمے کے ترجمان میٹ پیٹرز کے مطابق ایمیو کے مالک نے فوری طور پر رابطہ کیا اور تصدیق کی کہ پیکاسو گھر میں اچھی دیکھ بھال میں رہتا ہے۔ ان کے مطابق مسئلہ صرف دروازے کا لاک ڈھیلا ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس دوران اینیمل کنٹرول کی ٹیم نے پیکاسو کی دیکھ بھال کو بھی یقینی بنایا اور اسے پھل اور سبزیاں فراہم کیں تاکہ وہ اس عارضی قیام میں آرام دہ محسوس کرے۔
حکام نے بتایا کہ ٹینیسی میں ایمیو بطور پالتو جانور رکھنا قانونی ہے، تاہم اس کے لیے خاص دیکھ بھال اور مکمل تیاری ضروری ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی کروڑ پتی شکاری افریقہ میں ہاتھیوں کے حملے میں ہلاک
میٹ پیٹرز نے شہریوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جانور کو پالنے سے پہلے مکمل تحقیق کی جائے اور خاندان کے تمام افراد کو اس ذمہ داری میں شامل کیا جائے، کیونکہ پالتو جانور رکھنا کوئی وقتی یا جز وقتی معاملہ نہیں ہوتا۔
اب پیکاسو اپنی مہم جوئی کے بعد دوبارہ گھر واپسی کی تیاری میں ہے، جہاں مالک اسے ایک ٹریلر کے ذریعے واپس لے جائیں گے۔













