دشمن کے ہاتھوں گرفتار ہونے کے بجائے خود کو دھماکے سے اڑالیں، کم جونگ کا فوجیوں کا حکم

جمعرات 30 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے پہلی بار باضابطہ طور پر انکشاف کیا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف لڑنے والے شمالی کوریائی فوجیوں کو دشمن کے ہاتھوں گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو دھماکے سے اڑانے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کم جونگ ان نے ان فوجیوں کو ‘قومی ہیرو’ قرار دیا ہے جنہوں نے یوکرینی افواج کے ہاتھوں قیدی بننے کے بجائے دستی بموں کے ذریعے اپنی جان لینے کو ترجیح دی۔

یہ بھی پڑھیں: کم جونگ اُن کا آئندہ 5 سال تک میزائل پروگرام جاری رکھنے کا عندیہ

یہ غیر معمولی اعتراف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی  نے کم جونگ ان کی ایک تقریر شائع کی ہے، جو انہوں نے جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی یادگار کی افتتاحی تقریب کے دوران روسی حکام اور سوگوار خاندانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

کم جونگ اُن نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ فوجی جنہوں نے اپنی عزت اور وقار کی خاطر ‘خود کشی اور خود کو تباہ کرنے کا راستہ’ چنا، وہ عظیم قوم کے سچے سپاہی ہیں۔

انہوں نے ان زخمی فوجیوں کو بھی محبِ وطن قرار دیا جو شدید زخمی ہونے کے باعث خود کو دھماکے سے اڑانے کے حکم پر عمل نہ کر سکے اور اس ‘ناکامی’ پر پشیمان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کم جونگ اُن نے بیٹی کو اپنا جانشین منتخب کر لیا، جنوبی کوریا کا دعویٰ

رپورٹس کے مطابق 2024 میں شمالی کوریا نے اپنے تقریباً 14 ہزار ایلیٹ کمانڈوز روس کی مدد کے لیے بھیجے تھے، جنہیں کرسک کے سرحدی علاقے میں تعینات کیا گیا تھا۔ ان شدید جھڑپوں کے دوران اب تک 6 ہزار سے زائد شمالی کوریائی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کی تحویل میں 2 شمالی کوریائی جنگی قیدی موجود ہیں، جنہوں نے گرفتاری کے وقت خود کو اڑانے کی کوشش کی تھی لیکن شدید زخموں کے باعث وہ ایسا نہ کرسکے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے روس کو نہ صرف لاکھوں کی تعداد میں گولہ بارود اور میزائل فراہم کیے جا رہے ہیں، بلکہ اب انسانی جانوں کی صورت میں بھی بھاری قیمت ادا کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر پیوٹن سے ملاقات کے بعد کِم جونگ اُن کے ڈی این اے کے نشانات مٹانے کی ویڈیووائرل

 بدلے میں روس شمالی کوریا کو معاشی امداد اور جدید ترین فوجی ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے، یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ شمالی کوریا اپنے فوجیوں کو میدانِ جنگ میں اس حد تک ذہنی طور پر تیار کررہا ہے کہ وہ دشمن کی قید میں جانے کے بجائے موت کو گلے لگانا اپنی فوجی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp