معرکہ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر سندھ حکومت کے زیر اہتمام کراچی میں یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، ارکان اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال، واہگہ بارڈر پر خصوصی تقریب میں افواج پاکستان کو خراج تحسین
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جبکہ قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ تقریب میں معرکہ حق کی کامیابی سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایک سال قبل پاکستان نے بھارت کو بدترین شکست دی اور پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، جس میں پوری قوم نے مثالی اتحاد، جذبے اور عزم کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں ہر پاکستانی نے اپنا کردار بخوبی نبھایا، جبکہ افواج پاکستان نے میدان جنگ میں دشمن کو شکست دی۔ پاکستان کے سفارتکاروں نے بھی سفارتی محاذ پر بھرپور کردار ادا کیا اور دنیا کو مؤثر انداز میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم جھکنے والی نہیں ہے۔ یہ کامیابی پوری قوم کی یکجہتی کا نتیجہ ہے اور دنیا کو بتا دیا گیا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے۔
معرکہ حق میں بھارت کو چند گھنٹوں میں جواب دیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے معرکہ حق کی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا، جس کا پوری قوم اور مسلح افواج نے متحد ہو کر جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں میں بھارت کو ایسا جواب ملا کہ اسے اپنی اصل حیثیت کا اندازہ ہو گیا۔ ان کے مطابق پوری قوم اس وقت متحد تھی اور حالات کا بھرپور مقابلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارت نے ایک آپریشن شروع کیا اور اس کا الزام پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی، جبکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں بھارت نے فوجی کارروائی کی، لیکن پاکستانی افواج نے مؤثر جواب دیتے ہوئے دشمن کے کئی طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے۔ یہ طیارے بھارت کے لیے فخر سمجھے جاتے تھے، لیکن اصل اہمیت ان کے پائلٹس کی صلاحیت کی ہوتی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ دیہات کے علاقوں میں بھی لوگ دشمن کے ڈرونز کو ناکام بنا رہے تھے، جبکہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی تیاری زیادہ مؤثر ثابت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈہ کیا اور یہ تاثر دیا کہ کراچی پورٹ کو نشانہ بنایا گیا، جو درست نہیں تھا، جبکہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ 1947 سے جاری ہے، اور پاکستان نے ہمیشہ دفاعی حکمت عملی اختیار کی ہے۔
مزید پڑھیں: ایران جنگ بندی پر پاکستان کی قیادت پر فخر ہے، بلاول بھٹو زرداری
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل پروگرام کو آگے بڑھایا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی حیثیت منوائی ہے اور دنیا میں ایک مضبوط ملک کے طور پر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف عالمی معاملات میں بھی اہم کردار ادا کیا، اور بعض مواقع پر امریکا اور ایران کو بھی ایک میز پر لانے میں مدد دی۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور معرکہ حق کی کامیابی قومی اتحاد کی علامت ہے۔
پاک فوج نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک طاقتور ریاست ہے، شرجیل انعام میمن
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، یہ دن پوری قوم کے لیے عید سے کم نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور کوئی بھی اسے میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ ان کے مطابق پاک فوج نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک طاقتور ریاست ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے بھی عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور معرکہ حق کی کامیابی قوم کے لیے خوشی کا دن ہے۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ معرکہ حق کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے دورے کے دوران کشمیر کے مسئلے کو مؤثر انداز میں اٹھایا اور عالمی برادری کو حقائق سے آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں: معرکہ حق کا ایک سال مکمل، ’ہم ہیں بنیان مرصوص‘ ٹیزر جاری
شرجیل میمن کے مطابق بھارت کی حکمران جماعت نے بلاول بھٹو زرداری پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان کے خلاف بیانات دیے اور غیر معمولی سیاسی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے اس دوران منفی اور غلط رپورٹنگ کی جبکہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے بعض چینلز پر یہ تاثر دیا جاتا رہا کہ لاہور اور کراچی کو نقصان پہنچا ہے، جو سراسر غلط اور بے بنیاد تھا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستانی فضائیہ نے معرکہ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کا واضح ثبوت دیا۔














