بھارتی اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں ان سے منسوب یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اگر کانگریس رہنما راہول گاندھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو جائیں تو وہ ان سے شادی کے لیے تیار ہیں۔
یہ دعویٰ ایک انسٹاگرام پیج کی جانب سے شیئر کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کنگنا رناوت نے مبینہ طور پر یہ بیان دیا ہے کہ وہ راہول گاندھی سے شادی پر رضامند ہوں گی اگر وہ سیاسی جماعت تبدیل کر کے بی جے پی میں شامل ہو جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: کسان تحریک کے دوران بزرگ خاتون کیخلاف توہین آمیز پوسٹ کا مقدمہ، کنگنا رناوت نے معافی مانگ لی
تاہم کنگنا رناوت نے اس پوسٹ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے جعلی خبر اور خواتین کی توہین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی غیر مصدقہ اور جھوٹی خبریں نہ صرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ سیاست میں خواتین کی عزت کے حوالے سے بھی منفی رجحان کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی افواہیں پھیلانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
اس سے قبل بھی کنگنا رناوت نے راہول گاندھی کے بارے میں ایک بیان میں تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے سیاسی رویے سے خواتین کو بے آرامی محسوس ہوتی ہے۔ اس بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں ردعمل سامنے آیا تھا اور متعدد رہنماؤں نے ان کے الفاظ پر تنقید کی تھی۔
بعد ازاں کنگنا رناوت نے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سب کا احترام کرتی ہیں تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ کسی کی غیر ضروری تعریف یا مبالغہ آمیز انداز میں تائید کریں۔













