کراچی میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی تعمیر کے دوران گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے باعث شہر کے بڑے حصوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے ترجمان کے مطابق جیل چورنگی کے قریب کھدائی کے دوران 12 انچ قطر کی ہائی پریشر گیس لائن متاثر ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر احتیاطی اقدام کے طور پر گیس کی سپلائی بند کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ میں گیس پائپ لائن دھماکے سے متاثر، متعدد علاقوں کو گیس فراہمی معطل
ترجمان نے بتایا کہ اس تعطل کے باعث صدر، گارڈن، جامشید روڈ، پی آئی بی کالونی، لیاری، لائنز ایریا اور ملحقہ علاقوں میں گیس کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے۔
متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کے مطابق شام کے وقت تقریباً 7 بجے اچانک گیس کی سپلائی بند ہوگئی، جس کے باعث گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خصوصاً کھانے کی تیاری کے اوقات میں پریشانی بڑھ گئی۔
ایس ایس جی سی کی ترجمان نے کہا کہ کمپنی کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرہ پائپ لائن کے اطراف حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے علاقے کو سیل کردیا گیا تاکہ مزید خطرات سے بچا جاسکے۔
یہ بھی پٌڑھیے: کوہاٹ میں تیل و گیس کا سب سے بڑا ذخیرہ دریافت
انہوں نے بتایا کہ مرمتی کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے اور امید ہے کہ یہ کام اتوار کی صبح تک مکمل کرلیا جائے گا۔ اس کے بعد گیس کی فراہمی مرحلہ وار بحال کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کراچی میں جاری ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے دوران زیر زمین انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کے واقعات پہلے بھی رپورٹ ہوچکے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مختلف یوٹیلیٹی سروسز میں تعطل کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے۔














