اسلام آباد: 2 ماہ کی مغوی بچی چند گھنٹوں میں مری سے بازیاب، خاتون سمیت 2 ملزمان گرفتار

پیر 11 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس نے تھانہ بھارہ کہو کی حدود سے اغوا ہونے والی 2 ماہ کی بچی فجر نور کو چند گھنٹوں میں مری سے بحفاظت بازیاب کرا لیا، جبکہ اغوا میں ملوث مرکزی ملزمہ اقصیٰ جمیل اور ٹیکسی ڈرائیور ظہیر کو گرفتار کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد پولیس کی جرائم پیشہ اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائی، افغان شہروں سمیت سینکڑوں منشیات فروش گرفتار

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق بچی کو ملزمہ نے کھلانے کے بہانے اپنے گھر لے جا کر اغوا کیا اور بعد ازاں اسے ساتھ لے کر فرار ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ محلے میں جعلی نام ’مریم‘ سے رہائش پذیر تھی۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی اسلام آباد نے ایس پی محمد خرم اشرف اور ایس ڈی پی او شمس اکبر کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے بچی کو مری سے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

ترجمان کے مطابق تفتیش کے دوران ٹیکسی ڈرائیور ظہیر سمیت مختلف افراد کو شاملِ تفتیش کیا گیا، جبکہ اغوا جیسے سنگین جرم میں ملوث ملزمان کے خلاف تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی کارروائیاں، جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی مقیم افراد کے گرد گھیرا تنگ

ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے رواں سال بھی اہم مقدمات 24 گھنٹوں سے کم وقت میں پیشہ ورانہ انداز میں حل کیے ہیں۔

بچی کی بحفاظت بازیابی پر والدین نے اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا، جبکہ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن یا متعلقہ تھانے کو اطلاع دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp