انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین مردوں کی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں بھارت نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے تاہم نیوزی لینڈ نے کارکردگی بہتر بنا کر ٹاپ پوزیشن کے ساتھ فرق کم کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں خواتین کرکٹ کا مستقبل روشن ہے، محسن نقوی، شاندار کارکردگی پر قومی ٹیم کو مبارکباد
بھارتی ٹیم جس کی قیادت روہت شرما کر رہے ہیں ایک رینکنگ پوائنٹ کم ہونے کے باوجود 118 پوائنٹس کے ساتھ بدستور نمبر ون ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ نے 2 پوائنٹس حاصل کر کے 113 پوائنٹس تک رسائی حاصل کی اور یوں دونوں ٹیموں کے درمیان فرق آٹھ سے کم ہو کر صرف 5 پوائنٹس رہ گیا ہے۔
موجودہ ون ڈے ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا 109 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے اور اس کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ٹاپ فائیو میں سب سے بڑی تبدیلی جنوبی افریقہ کے حق میں رہی جس نے پاکستان کو پیچھے چھوڑ کر چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔ جنوبی افریقہ کے پوائنٹس بڑھ کر 102 ہو گئے جبکہ پاکستان 4 پوائنٹس کے نقصان کے بعد 98 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں نمبر پر چلا گیا۔
سری لنکا چھٹے نمبر پر موجود ہے اگرچہ اس کے 2 پوائنٹس کم ہوئے ہیں اور وہ 96 پر ہے جبکہ افغانستان 93 پوائنٹس کے ساتھ 7ویں نمبر پر برقرار ہے۔
مزید پڑھیے: ویمنز ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو وائٹ واش کرکے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی
انگلینڈ ایک پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ 8ویں اور بنگلہ دیش 84 پوائنٹس کے ساتھ 9ویں نمبر پر ہے۔
ویسٹ انڈیز کو 3 پوائنٹس کے نقصان کے بعد 10 ویں نمبر پر تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ آئرلینڈ نے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے زمبابوے کو پیچھے چھوڑ دیا اور 11 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔
امریکا نے بھی رینکنگ میں بہتری دکھائی اور اسکاٹ لینڈ کو پیچھے چھوڑ کر 13ویں نمبر پر آ گیا جبکہ نیدرلینڈز نے 4 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ نمایاں پیشرفت کی۔
رینکنگ کے نچلے حصے میں متحدہ عرب امارات نے کینیڈا کو پیچھے چھوڑ کر 19ویں پوزیشن حاصل کر لی جبکہ کینیڈا کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا اور وہ آخری نمبر پر آ گیا۔
مزید پڑھیں: ڈھاکا ٹیسٹ کا چوتھا روز: بنگلہ دیش کو دوسری اننگز میں پاکستان کے خلاف 179 رنز کی برتری
آئی سی سی کے مطابق یہ سالانہ اپ ڈیٹ ٹیموں کی حالیہ کارکردگی کو زیادہ اہمیت دیتا ہے جس کے باعث رینکنگ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے۔
ٹیسٹ رینکنگ
دوسری جانب ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا بدستور نمبر ون ہے جبکہ خواتین کی ون ڈے اور ٹی 20 رینکنگ میں بھی آسٹریلیا کی برتری برقرار ہے۔














