سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے لیے شاہراہِ بھٹو اور ڈی سیلینیشن پلانٹ جیسے منصوبے شہری سہولیات میں انقلاب برپا کریں گے۔ انہوں نے دورۂ چین اور کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کے منصوبے کو شہر کے لیے بڑی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کریں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبے شہریوں کے لیے سہولت اور آسانی کا باعث بن رہے ہیں، جن میں سب سے اہم شاہراہِ بھٹو منصوبہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بی آر ٹی ریڈ لائن ایک انتہائی مشکل منصوبہ، سندھ حکومت کی جانب سے کوئی تاخیر نہیں ہوئی: شرجیل میمن
انہوں نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو کراچی کی موٹروے اور ہائی وے کو براہِ راست جوڑے گی، جس سے شہریوں کا سفر کم از کم ایک گھنٹہ کم ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے مسائل کے پیش نظر یہ منصوبہ ایک ’گیم چینجر‘ ثابت ہوگا اور شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کرے گا۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ اس منصوبے کے ساتھ ساتھ کراچی پورٹ سے لے کر تاج گڑھ برج تک ایک نئی سڑک بھی تعمیر کی جا رہی ہے، جو شہر میں رابطوں کو مزید بہتر بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا فوکس کراچی کے تمام میگا پروجیکٹس کو جلد از جلد مکمل کرنا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں اس وقت برجز، انڈر پاسز اور روڈ انفراسٹرکچر پر بھی کام جاری ہے، جبکہ کے ایم سی اور دیگر ادارے بھی اس عمل میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح شہری سہولتوں کی فراہمی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں مختلف تکنیکی اور انتظامی چیلنجز درپیش رہے، جن میں یوٹیلٹی ٹرانسفر اور دیگر مسائل شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کوشش کی کہ عوامی پیسے کو بچاتے ہوئے منصوبے کو آگے بڑھایا جائے، تاہم بعض مشکلات کے باعث معاہدہ ختم کرنا پڑا اور اب اس پر دوبارہ کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی کوشش ہے کہ تمام منصوبے شفاف انداز میں مکمل ہوں تاکہ عوامی وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران مذاکرات کا انعقاد پاکستان کی سفارتی کامیابی، معرکۂ حق کے بعد ملک کا وقار بلند ہوا، شرجیل میمن
پریس کانفرنس میں انہوں نے دورۂ چین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران اہم معاہدے اور منصوبوں کی سائننگ ہوئی ہے، جن سے مستقبل میں سندھ خصوصاً کراچی میں ترقیاتی عمل مزید تیز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیے ڈی سیلینیشن پلانٹ کا منصوبہ بھی بڑی خوشخبری ہے، جو شہر میں پانی کے بحران کے حل میں مددگار ثابت ہوگا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ تمام اقدامات کراچی کو جدید اور بہتر شہری سہولتوں والا شہر بنانے کی طرف اہم پیش رفت ہیں۔














