امریکا کی ایک عدالت نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے متعلق اقوام متحدہ کی ماہر پر گزشتہ سال عائد کی جانے والی پابندیوں کے خلاف عارضی حکم امتناع جاری کر دیا ہے۔
فرانچیسکا البانیز پر جولائی 2025 میں اس وقت پابندیاں عائد کی گئی تھیں جب انہوں نے غزہ سے متعلق واشنگٹن کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کی تھی۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی ماہر کی امریکا پر تنقید کو شدید ہدفِ تنقید بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کی ماہر فرانچیسکا البانیز کو امریکی پابندیوں کا سامنا، اسرائیلی مظالم کی نشاندہی ’جرم‘ ٹھہری
انہوں نے کہا تھا کہ البانیز نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کو سفارش کی تھی کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جائیں۔
اطالوی نژاد فرانچیسکا البانیز، جنہوں نے 2022 میں اپنا عہدہ سنبھالا، اسرائیل اور اس کے بعض اتحادیوں کی شدید تنقید کا سامنا کرتی رہی ہیں۔
وہ مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتی آئی ہیں کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
BREAKING! US court ha suspended the US sanctions against me!
As the judge says: "Protecting the Freedom of speech is always just the public interest".
Thanks to my daughter and my husband for stepping up to defend me, and everyone who has helped so far.Together we are One. pic.twitter.com/z6L3tb7Esp
— Francesca Albanese, UN Special Rapporteur oPt (@FranceskAlbs) May 13, 2026
بدھ کے روز امریکی ڈسٹرکٹ جج رچرڈ لیون نے اپنے عدالتی حکم میں پابندیوں کے خلاف ابتدائی حکم امتناع جاری کیا۔
جج رچرڈ لیون نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ اظہارِ رائے کی آزادی کا تحفظ ہمیشہ عوامی مفاد میں ہوتا ہے۔
پابندیوں کو اپنے مشن کو کمزور کرنے کی کوشش قرار دینے والی فرانچیسکا البانیز نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
مزید پڑھیں: 100 سے زائد عالمی فنکاروں کا فرانچسکا البانیز کی حمایت میں کھلا خط
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وہ بیٹی اور شوہر کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے ان کا دفاع کیا۔
‘۔۔۔ان تمام افراد کی بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے اب تک مدد کی۔ ہم سب ایک ہیں۔’
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے خصوصی نمائندے آزاد ماہرین ہوتے ہیں، جنہیں کونسل مقرر کرتی ہے، تاہم وہ براہِ راست اقوام متحدہ کی نمائندگی نہیں کرتے۔














