بلوچستان اپنی قدرتی خوبصورتی، قبائلی روایات اور مہمان نوازی کی طرح اپنے منفرد ذائقوں کے باعث بھی پورے پاکستان میں ایک خاص پہچان رکھتا ہے۔ یہاں کے پہاڑی، صحرائی اور میدانی علاقوں میں بسنے والے لوگ اگرچہ مختلف زبانیں اور ثقافتیں رکھتے ہیں، مگر کھانوں سے محبت سب میں یکساں پائی جاتی ہے۔ خاص طور پر عیدِ قربان کے موقع پر بلوچستان کے دسترخوان روایتی پکوانوں کی خوشبو سے مہک اٹھتے ہیں، جہاں گوشت سے تیار کیے جانے والے لذیذ کھانے نہ صرف ذائقے کا لطف دیتے ہیں بلکہ ثقافت اور روایت کی بھی خوبصورت عکاسی کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچی سجی جو کھائے اس کے گن گائے
صوبے کے پشتون اکثریتی علاقوں، جن میں پشین، ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور مسلم باغ شامل ہیں، وہاں عید کے دنوں میں نمکین روش خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ ایک نہایت سادہ مگر ذائقے سے بھرپور پکوان ہے جس میں گوشت کو کم مصالحوں اور نمک کے ساتھ دھیمی آنچ پر پکایا جاتا ہے تاکہ گوشت کی اصل خوشبو اور ذائقہ برقرار رہے۔ یہی سادگی اس پکوان کی اصل پہچان سمجھی جاتی ہے۔

ان علاقوں میں کابلی پلاؤ بھی بے حد مقبول ہے، جس کی خوشبودار چاول، کشمش، گاجر اور نرم گوشت کے ساتھ تیاری ہر مہمان کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ اس کے علاوہ مٹن کڑاہی، دنبے کی چکّی سے تیار کردہ باربی کیو اور نمکین چانپ بھی عیدی دعوتوں کا لازمی حصہ ہوتے ہیں۔ پشتون روایات میں اجتماعی انداز سے بیٹھ کر کھانا کھانے کو محبت اور بھائی چارے کی علامت سمجھا جاتا ہے، اسی لیے قربانی کے بعد یہ پکوان پورے خاندان اور مہمانوں کے ساتھ مل بیٹھ کر کھائے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان میں نو روز کی ’سرخ‘ تقریبات کا آغاز
دوسری جانب بلوچ اکثریتی علاقوں میں سادگی اور روایتی اندازِ پکوان نمایاں نظر آتا ہے۔ بلوچی سجی یہاں کی پہچان مانی جاتی ہے، جس میں دنبے یا بکرے کے گوشت کو صرف نمک لگا کر لکڑی کی آگ یا تنور میں آہستہ آہستہ روسٹ کیا جاتا ہے۔ جب گوشت کی خوشبو لکڑی کے دھوئیں سے ملتی ہے تو اس کا ذائقہ مزید دوبالا ہو جاتا ہے۔

بلوچ علاقوں کا ایک اور منفرد پکوان کھڈی کباب ہے، جسے زمین میں گڑھا کھود کر مخصوص طریقے سے پکایا جاتا ہے۔ اس ڈش کی تیاری نہ صرف مہارت بلکہ صبر اور تجربے کی بھی متقاضی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ مٹن پلاؤ، کوئلوں پر بھنے کباب اور روسٹ گوشت بھی بلوچ ثقافت کا اہم حصہ ہیں، جو عید کے دنوں میں خصوصی اہتمام سے تیار کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نمک منڈی میں چپلی کباب نے بھی جگہ بنالی
بیف سے تیار کیے جانے والے شوربے دار سالن بھی بلوچستان کے کئی علاقوں میں بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔ مقامی مصالحوں سے تیار کردہ یہ شوربے جب گرم نان یا روٹی کے ساتھ کھائے جائیں تو ان کا ذائقہ دیر تک یاد رہتا ہے۔ کئی علاقوں میں شوربے میں روٹی بھگو کر کھانے کی روایت بھی عام ہے، جسے مقامی انداز میں ’چور‘ کہا جاتا ہے۔

یہ روایتی پکوان صرف بھوک مٹانے کا ذریعہ نہیں بلکہ بلوچستان کی تہذیب، محبت، مہمان نوازی اور ثقافتی وابستگی کی جیتی جاگتی تصویر ہیں۔ عیدِ قربان کے دنوں میں جب ہر گھر سے سجی، کڑاہی، پلاؤ اور کباب کی خوشبو اٹھتی ہے تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے پورا بلوچستان اپنی روایات کے رنگوں اور ذائقوں سے مہک اٹھا ہو۔ کہیں تنور میں پکتی سجی کی خوشبو دل موہ لیتی ہے، کہیں کڑاہی کے مصالحے فضا کو معطر کرتے ہیں، اور کہیں پلاؤ کی بھاپ مہمانوں کی آمد کا اعلان کرتی ہے۔ یہی ذائقے دراصل بلوچستان کی ثقافت کا حسن اور اس دھرتی کی اصل پہچان ہیں۔













