سلہٹ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔
میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش کی دوسری اننگز 390 رنز پر اختتام پذیر ہوئی۔ پہلی اننگز میں حاصل 46 رنز کی سبقت کے باعث پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز درکار ہیں۔
مزید پڑھیں: سلہٹ ٹیسٹ کا دوسرا روز: قومی ٹیم 232 رنز بنا کر آؤٹ، بنگلہ دیش کو دوسری اننگز میں 156 رنز کی برتری
بنگلہ دیش کی جانب سے مشفیق الرحیم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 137 رنز اسکور کیے، جبکہ لٹن داس 69 اور محمود الحسن جوئے 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
تیسرے روز کھیل کے آغاز پر میزبان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز سے اپنی اننگز دوبارہ شروع کی۔ مجموعی اسکور میں صرف 5 رنز کے اضافے کے بعد کپتان نجم الحسن شانتو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
بنگلہ دیش کی پانچویں وکٹ 238 رنز پر گری جب لٹن داس 69 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد مہدی حسن میراز 19 رنز بنا کر 272 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
ساتویں وکٹ 349 رنز پر گری، جہاں تیج الاسلام 22 رنز بنا سکے۔ بعد ازاں تسکین احمد 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شرف الاسلام 12 رنز کے ساتھ 383 کے اسکور پر پویلین واپس گئے۔
آخری وکٹ 390 رنز پر گری جب مشفیق الرحیم 137 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ساجد خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حسن علی نے 2 اور محمد عباس نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل پاکستان کی پہلی اننگز 232 رنز پر ختم ہوئی تھی، جس کے باعث بنگلہ دیش کو 46 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
میچ کے پہلے روز بنگلہ دیش کی ٹیم 278 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی، جس میں لٹن داس کی 126 رنز کی شاندار سینچری نمایاں رہی۔
پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4، محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
مزید پڑھیں:ڈھاکہ ٹیسٹ میں خلاف سلو اوور ریٹ، پاکستان کو 8 ٹیسٹ چیمپیئن شپ پوائنٹس کا خسارہ
پاکستان نے پہلی اننگز کا آغاز اذان اویس اور عبداللہ فضل کے ساتھ کیا تھا اور پہلے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنائے تھے۔
یاد رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش کو پہلے ہی 0-1 کی برتری حاصل ہے، کیونکہ اس نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی۔














