دوسرا ٹیسٹ: ‘ادھر کیا دیکھ رہے ہو، بیٹنگ کرو’، لٹن داس اور محمد رضوان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

منگل 19 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سلہٹ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز اس وقت سنسنی خیز اور کشیدہ صورتحال پیدا ہو گئی جب پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور بنگلہ دیشی وکٹ کیپر لٹن داس کے درمیان میدان میں جملوں کا سخت تبادلہ ہوا۔

بی بی نیوز کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب محمد رضوان نے بیٹنگ کے دوران اسکرین کے سامنے کھڑے گراؤنڈ اسٹاف کے ایک رکن کو ہٹنے کا اشارہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا ٹیسٹ: پہاڑ جیسا ہدف لیکن پاکستانی کوچ عمر گل جیت کے لیے پرامید

لٹن داس نے رضوان کے اس اقدام پر اعتراض کرتے ہوئے اردو میں کہا، ‘یہ کیا کر رہے ہو؟’ جس پر رضوان نے سامنے اشارہ کرتے ہوئے جواب دیا، ‘وہ دیکھو، وہ دیکھو، وہ سامنے کھڑا ہے۔’ لٹن داس نے طنزاً کہا، ‘ادھر کیا دیکھ رہے ہو؟ یہاں بیٹنگ کرو۔’

 اس بات پر محمد رضوان غصے میں آ گئے اور بولے، ‘یہ تمہارا کام ہے، میرا کام ہے یا امپائر کا؟’ جس پر لٹن داس نے تیکھا جملہ کسا کہ ‘ففٹی ہو گئی ہے بس اب ایکٹنگ شروع ہوجائے گی۔’ اس موقع پر امپائرز نے فوری مداخلت کرتے ہوئے بیچ بچاؤ کرایا اور میچ دوبارہ شروع کرایا۔

ادھر میچ کی مجموعی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنا لیے ہیں، تاہم بنگلہ دیش کے خلاف میچ اور سیریز بچانے کے لیے اسے اب بھی 121 رنز کی کٹھن منزل درکار ہے۔ کریز پر محمد رضوان 75 اور ساجد خان 8 رنز کے ساتھ موجود ہیں اور قومی ٹیم کی آخری امید بنے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ، پاکستان کے آصف آفریدی نے 92 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

چوتھے دن کھیل کا آغاز پاکستانی اوپنرز اذان اویس اور عبداللہ فضل نے کیا، مگر عبداللہ فضل صرف 6 رنز بنا کر ناہید رانا کا شکار بنے، جبکہ اذان اویس بھی 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

 2 وکٹیں جلدی گرنے کے بعد بابر اعظم (47) اور کپتان شان مسعود (71) نے ٹیم کو سہارا دیا، لیکن دونوں ہی تیج الاسلام کی اسپن کے جال میں پھنس کر آؤٹ ہو گئے۔

بعد ازاں سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 71 رنز کی اہم اننگز کھیلی، مگر وہ بھی میچ کے اہم موڑ پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس وقت سوشل میڈیا پر صارفین سعود شکیل کو مسلسل ناکام ہونے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ محمد رضوان کی اس اننگز کو سراہا جا رہا ہے کہ وہ حالیہ غلطیوں کا ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے مشفق الرحیم کی 137 رنز کی شاندار الوداعی اننگز اور لٹن داس کی پہلی اننگز کی سنچری کی بدولت اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر پاکستان کو ایک پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بنگلہ دیش پہلا ٹیسٹ: پہلے دن کے اختتام پر میزبان ٹیم کے 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز

 پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے میچ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈھاکہ ٹیسٹ جیت کر بنگلہ دیش کو سیریز میں پہلے ہی ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے، اور سلہٹ ٹیسٹ کا آخری دن اب انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp