پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقعے پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کی قیادت اور عوام، بالخصوص صدر شی جن پنگ، کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک چین دوستی علاقائی امن، ترقی اور عالمی استحکام کے لیے ناگزیر ہے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارکا قومی اسمبلی میں خطاب
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ پچھتر برسوں کے دوران پاک چین تعلقات پائیدار دوستی، باہمی اعتماد، اسٹریٹجک تعاون اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کے لیے غیر متزلزل حمایت کی شاندار مثال بن چکے ہیں۔ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود دونوں ممالک نے ہمیشہ یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری مسلسل مضبوط ہو رہی ہے جو خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے ایک اہم ستون ہے۔ پاکستانی عوام اس مثالی دوستی پر فخر کرتے ہیں جس کی آبیاری دونوں ممالک کی قیادت اور عوام نے مشترکہ طور پر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی بصیرت انگیز قیادت میں چین نے جدیدیت، جدت، غربت کے خاتمے اور قومی ترقی میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پاکستان چین کے عالمی اقدامات جیسے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشیٹو، گلوبل سویلائزیشن انیشیٹو اور گلوبل گورننس انیشیٹو کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو عالمی امن، پائیدار ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیے: پاک چین دوستی کے 75 برس، قومی اسمبلی میں تاریخی قرارداد منظور،تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
صدر نے کہا کہ پاکستان ان اقدامات کو علاقائی ہم آہنگی، مشترکہ خوشحالی اور کثیر الجہتی تعاون کے وژن کے عین مطابق سمجھتا ہے۔ انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ’ون چائنا‘ اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے اور چین کے بنیادی مفادات سے متعلق تمام امور پر اس کی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت نے گلوبل ساوتھ کے لیے چین کی قیادت اور مغربی ایشیا میں تنازعات کے حل کے لیے اس کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
مزید پڑھیں: پاک چین دوستی کی 75 سالہ تقریب، وفاقی وزرا کا لازوال تعلقات کے عزم کا اعادہ
انہوں نے اپنے حالیہ دوروں کے دوران چین کی جانب سے دی گئی پرتپاک اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی آہنی دوستی نے تعلقات کو ایک منفرد پہچان دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان دوروں سے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے، سرمایہ کاری بڑھانے اور توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی، ماحول دوست توانائی، سیاحت اور عوامی روابط جیسے شعبوں میں نئی راہیں کھولنے کے عزم کو تقویت ملی ہے۔
صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک اپنی تاریخی دوستی کو مزید مضبوط بناتے ہوئے اسے خصوصاً چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اگلے مرحلے کے ذریعے نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: صدر آصف زرداری کا نئے چینی سال پر پیغام، پاک چین دوستی فولادی قرار
انہوں نے چین کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔











