بھارت کو شکست دینے کا ایک سال مکمل ہونے پر ’بنیان مرصوص‘ کرکٹ میچ کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کردیا گیا، جبکہ معرکہ حق اور آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی پہلی سالگرہ کی یاد میں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔
اس ایونٹ کا مقصد قومی یکجہتی، حب الوطنی اور پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
کھیلوں کے ذریعے حب الوطنی کے فروغ کی کوشش
پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہاکہ یہ ایونٹ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں میں قومی جذبہ اجاگر کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔
انہوں نے آغا شیراز، لاہور قلندرز اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔
رانا مشہود نے پرائم منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر سے 3 لاکھ سے زیادہ نوجوان کھلاڑی اس پروگرام میں شریک ہوئے، جن میں سے کئی اب پاکستان سپر لیگ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
نمائشی میچ 3 جون کو اسلام آباد میں ہوگا
انہوں نے اعلان کیاکہ سیلیبریٹیز الیون اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام الیون کے درمیان نمائشی میچ 3 جون کو لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر، کیپیٹل اسمارٹ سٹی اسلام آباد میں شام 6 بجے کھیلا جائے گا۔ میچ کے بعد شائقین کے لیے تفریحی سرگرمیوں اور جشن کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
کرکٹ میچ کا اعلان قومی اتحاد کی علامت قرار
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آغا شیراز نے کہاکہ یہ اقدام کھیل اور تفریح کے ذریعے معرکہ حق کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک خوبصورت کاوش ہے۔
ان کے مطابق یہ میچ قومی اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کی عکاسی کرتا ہے اور امید ہے کہ یہ عوام کے لیے خوشی اور مثبت پیغام کا ذریعہ بنے گا۔
سابق کھلاڑیوں کی معاونت پر زور
سابق کپتان شاہد آفریدی نے رانا مشہود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس کو سابق کھلاڑیوں اور مالی مشکلات کا شکار اسپورٹس شخصیات کی مدد کے لیے بھی استعمال کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ پرائم منسٹر کے پلیٹ فارم کے ذریعے مستحق کرکٹرز، ہاکی کھلاڑیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کو مالی معاونت فراہم کی جائے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کھیل صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ملک کی خدمت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کا بھی مؤثر ذریعہ ہیں۔
نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، لاہور قلندرز
لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے رانا عاطف نے اس اقدام میں ٹیم کو شامل کرنے پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کو سراہا۔
انہوں نے 28 شہروں میں منعقدہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو نوجوانوں کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جنہیں صرف مناسب مواقع اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔
دنیا کو مثبت پیغام دینے کی کوشش
پریس کانفرنس کے اختتام پر رانا مشہود احمد خان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، قومی اتحاد اور مثبت سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں پاکستان کو مضبوط بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بنیان مرصوص کرکٹ میچ محض ایک کھیل نہیں بلکہ دنیا کو اتحاد، حب الوطنی اور امید کا پیغام دینے کا ذریعہ ہے۔
ان کے مطابق سیلیبریٹیز، لاہور قلندرز اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی شرکت اس ایونٹ کو یادگار بنانے کے ساتھ پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔














