اسلام آباد میں آزاد کشمیر انتخابات 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس کشمیر کونسل میں منعقد ہوا، جس میں انتخابی حکمت عملی، ٹکٹوں کی تقسیم اور پارٹی تنظیمی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر الیکشن: مہاجرین کی 12 نشستوں سمیت 45 انتخابی حلقوں کی حتمی فہرست جاری
اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان نے کی۔
اجلاس میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز اور امیدواروں سے متعلق مشاورت کی گئی جبکہ پارٹی رہنماؤں کی جانب سے موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے اور امیدواروں کو جلد ٹکٹ جاری کرنے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ امیدواروں کے ناموں پر مشاورت مکمل کی جا رہی ہے اور جلد حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان سمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔
شرکاء میں مشتاق منہاس، چوہدری طارق فاروق، افتخار گیلانی، نجیب نقی، چوہدری محمد سعید، سردار طارق اور دیگر اہم رہنما بھی شامل تھے، جنہوں نے انتخابی تیاریوں سے متعلق اپنی آرا پیش کیں۔














