اسحاق ڈار 26 سے 28 مئی تک نیویارک کا دورہ کریں گے، مصروفیات کی تفصیل سامنے آگئی

پیر 25 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار 26 سے 28 مئی تک نیویارک کا دورہ کریں گے، جہاں وہ بیجنگ سے روانہ ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نیویارک میں 26 مئی 2026 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اوپن مباحثے میں شرکت کریں گے۔

یہ مباحثہ مئی 2026 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے تحت عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کی صدارت چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کریں گے۔

پاکستان نے چین کے اس بروقت اقدام کا خیرمقدم کیا ہے، جو کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے اور موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔

28 مئی کو نائب وزیراعظم گروپ آف فرینڈز آن گلوبل گورننس کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جو عالمی حکمرانی میں اصلاح اور بہتری، اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون کے موضوع کے تحت منعقد ہوگا۔

دورے کے دوران وہ اپنے ہم منصبوں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کثیرالجہتی نظام کی بھرپور حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp