یوٹیوب نے صارفین کے لیے نئے AI پوڈکاسٹ فیچرز متعارف کرا دیے

جمعرات 28 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے پریمیم صارفین کے لیے پوڈکاسٹس سے متعلق کئی نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت پر مبنی سفارشات، اسمارٹ آٹو اسپیڈ اور سفر یا مصروفیات کے دوران آسان سننے کے لیے خصوصی موڈ شامل ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد پوڈکاسٹ صارفین کو زیادہ ذاتی اور بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے۔

یوٹیوب نے جمعرات کو اپنے پریمیم صارفین کے لیے پوڈکاسٹس سے متعلق متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن میں مصنوعی ذہانت (AI) سے چلنے والا ریکمینڈیشن ٹول، ’آٹو اسپیڈ‘ فیچر اور ’آن دی گو‘ سننے کا نیا موڈ شامل ہیں۔

یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یوٹیوب دیگر پلیٹ فارمز کے ساتھ پوڈکاسٹ سامعین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے مقابلے میں مصروف ہے۔ خاص طور پر نیٹ فلیکس بھی ویڈیو پوڈکاسٹس میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے، جبکہ یوٹیوب ذاتی نوعیت کی تجاویز اور ہینڈز فری سننے کی سہولیات کے ذریعے سپوٹیفائی اور ایپل پوڈ کاسٹس جیسے آڈیو پلیٹ فارمز کے صارفین کو اپنی جانب متوجہ کرنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے کیا ایلون مسک یو ٹیوب کو ٹکر دینے کے لیے نئی ایپ لانچ کرنے جا رہے ہیں؟

گوگل کی ملکیت رکھنے والے اس پلیٹ فارم کا ’Ask Music‘فیچر پہلے ہی پریمیم صارفین کو ذاتی پسند کے مطابق ریڈیو اسٹیشنز اور پلے لسٹس بنانے کی سہولت دیتا ہے، تاہم اب صارفین اپنی پسندیدہ پوڈکاسٹس، مخصوص موضوعات یا موجودہ موڈ کے مطابق بھی پوڈکاسٹ سفارشات حاصل کر سکیں گے۔

کمپنی نے ’آٹو اسپیڈ‘ نامی نیا فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد سننے کے تجربے کو زیادہ مؤثر بنانا ہے۔ یہ فیچر گفتگو کی رفتار اور مواد کی نوعیت کے مطابق خودکار انداز میں پلے بیک اسپیڈ کو ایڈجسٹ کرے گا تاکہ صارفین معلومات بہتر انداز میں سن سکیں اور رفتار میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ محسوس نہ ہو۔

یوٹیوب کے مطابق اگرچہ صارفین پہلے بھی پلے بیک اسپیڈ تبدیل کر سکتے تھے، تاہم مختلف میزبانوں کے بولنے کی رفتار اور لہجے میں فرق کے باعث سننے کا تجربہ متاثر ہوتا تھا۔ نئے فیچر کے ذریعے گفتگو کے دوران رفتار خودکار طور پر متوازن رکھی جائے گی۔

کمپنی نے ’آن دی گو‘ موڈ بھی متعارف کرایا ہے، جو خاص طور پر سفر، ورزش، دوڑ یا بیک وقت متعدد کام انجام دینے والے صارفین کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس موڈ میں صارفین کو فوری کنٹرولز دستیاب ہوں گے جن کے ذریعے وہ آسانی سے اگلے یا پچھلے حصے پر جا سکیں گے یا اگلی قسط پر منتقل ہو سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیے ٹک ٹاک اور یوٹیوب کریئیٹرز کو ماہانہ 3 ہزار ڈالر دینے کا اعلان

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ یہ فیچر بیک گراؤنڈ پلے بیک کے تجربے کو مزید بہتر اور آسان بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق’آٹو اسپیڈ‘ اور ’آن دی گو‘ موڈ اس وقت اینڈرائیڈ پر پریمیم صارفین کے لیے دستیاب ہیں جبکہ آنے والے مہینوں میں انہیں آئی او ایس صارفین کے لیے بھی متعارف کرا دیا جائے گا۔

یوٹیوب نے دعویٰ کیا ہے کہ اپریل 2026 کے دوران پریمیم صارفین نے 80 کروڑ گھنٹوں سے زائد پوڈکاسٹس دیکھے، جبکہ یوٹیوب پوڈکاسٹس کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کر چکی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے فیچرز کے ذریعے ان اعداد و شمار میں مزید اضافہ کرنا مقصود ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp