پنجاب حکومت کے بچوں اور خواتین کے تحفظ سے متعلق 2 ڈیجیٹل منصوبوں کو اقوام متحدہ کے تحت ہونے والے عالمی سطح کے ڈبلیو ایس آئی ایس (WSIS) ایوارڈز 2026 میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پنجاب کا’میرا پیارا ‘ ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی عالمی سطح پر ٹاپ فائیو چیمپئن منصوبوں میں شامل ہوگیا، جبکہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن بھی دنیا کے بہترین 20 منصوبوں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق پاکستان اس سال واحد ملک بن گیا ہے جس کے 2 منصوبے مختلف کیٹیگریز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، اور دونوں منصوبے پنجاب حکومت کے ہیں۔
بچوں کے تحفظ کے لیے قائم ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی (میرا پیارا) کو ای گورننس کیٹیگری میں دنیا کے ٹاپ فائیو چیمپئن منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب حکومت کا ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن بھی عالمی سطح پر ٹاپ 20 منصوبوں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ملنے والا یہ اعتراف پنجاب میں ٹیکنالوجی کی مدد سے عوامی خدمات کی فراہمی اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے کی جانے والی اصلاحات پر اعتماد کا مظہر ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ’میرا پیارا‘ منصوبے کے ذریعے اب تک بچوں سے متعلق مختلف نوعیت کے ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے ایک لاکھ 36 ہزار سے زیادہ کیسز کامیابی سے نمٹائے جا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے پنجاب حکومت کا شرمپ فارمنگ کا منصوبہ کیا ہے، لوگ کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟
منصوبے کے تحت گمشدہ اور اغوا ہونے والے 54 ہزار 741 بچوں کے کیسز پر کارروائی کی گئی، جن میں سے 53 ہزار 811 بچوں کو تلاش کرکے ان کے اہل خانہ سے ملا دیا گیا۔ بازیاب ہونے والے بچوں میں 3 ہزار سے زائد خصوصی (معذور) بچے بھی شامل تھے۔
حکام کے مطابق بچوں پر تشدد، بدسلوکی، آن لائن ہراسگی اور ڈیجیٹل استحصال کے ہزاروں کیسز پر بھی مؤثر کارروائی کی گئی۔ بچوں کے خلاف تشدد اور استحصال کے 15 ہزار سے زائد مقدمات رپورٹ ہوئے، جن پر فوری قانونی کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں ایف آئی آرز درج کی گئیں اور متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح خصوصی افراد کے تحفظ اور بحالی کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے گئے، جبکہ متاثرہ بچوں اور خواتین کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور دارالامان میں پناہ اور سرکاری سرپرستی فراہم کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبوں پر کام کرنے والی ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی کو عوامی خدمت کے لیے بروئے کار لانے کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور عالمی سطح پر ملنے والا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام دوست ڈیجیٹل گورننس مستقبل کا راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں، خواتین اور دیگر کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات مزید وسعت دی جائے گی تاکہ شہریوں کو تیز، مؤثر اور محفوظ خدمات فراہم کی جا سکیں۔














