نیتن یاہو نہیں، فیصلے میں کرتا ہوں؛ اسرائیلی حملوں کے باوجود ایران سے معاہدہ قریب ہے، ٹرمپ

پیر 8 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان تازہ حملے ان کی انتظامیہ اور تہران کے درمیان جاری امن مذاکرات پر اثر انداز نہیں ہوں گے، کیونکہ فیصلے میں کرتا ہوں، نیتن یاہو نہیں۔

فنانشل ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ وسیع تر جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ اب بھی ممکن ہے اور حالیہ کشیدگی اس عمل کو متاثر نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ میں فیصلے کرتا ہوں، تمام فیصلے۔ نیتن یاہو فیصلے نہیں کرتے۔

مزید پڑھیں:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیلی حملوں پر برہم، نیتن یاہو کو سخت پیغام

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے نواحی علاقے پر نئے فضائی حملے کیے، حالانکہ امریکا گزشتہ ہفتے لبنان میں جنگ بندی کے ایک منصوبے کا اعلان کر چکا تھا۔ اس کے جواب میں ایران نے اسرائیلی اہداف پر میزائل داغے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق میزائل حملوں میں ناصرت کے قریب واقع رمات ڈیوڈ فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کے دفاعی نظام نے ایران سے آنے والے میزائلوں کو روک لیا۔

امریکی اور اسرائیلی حکام کے مطابق اتوار کو ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کے درمیان قریباً 30 منٹ تک ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے نیتن یاہو پر زور دیا کہ وہ مزید حملوں سے گریز کریں کیونکہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدہ انتہائی قریب ہے۔

ادھر اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر نے کہا ہے کہ انہیں تاحال ایران پر حملے کا حکم نہیں ملا، تاہم حکم ملنے کی صورت میں فوج پورے عزم کے ساتھ کارروائی کرے گی۔

مزید پڑھیں:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران معاہدے کے لیے سخت شرائط رکھتے ہوئے جلد حتمی فیصلے کا عندیہ

تازہ کشیدگی کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور برینٹ خام تیل کی قیمت 2 فیصد سے زیادہ بڑھ کر 95 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے کے لیے مذاکرات جاری ہیں، تاہم لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں اور حزب اللہ کے ساتھ جاری جھڑپیں اس عمل کے لیے ایک بڑا چیلنج تصور کی جا رہی ہیں۔ ایران پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ کسی بھی مستقل معاہدے کا انحصار لبنان میں پائیدار جنگ بندی پر ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp