پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فضل الٰہی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہماری وجہ سے جیل میں ہیں، اور موجودہ قیادت بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مخلص نہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الٰہی نے کہاکہ ان کے گروپ میں 35 سے 40 ارکان شامل ہیں اور ناراض اراکینِ اسمبلی ایک مشترکہ مؤقف پر متحد ہیں۔
مزید پڑھیں: ’لگتا ہے پھر سے لانچ کردیا‘، علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیانات پر پی ٹی آئی ہمدرد ناراض
انہوں نے دعویٰ کیاکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے سابق اسپیکر مشتاق غنی بھی ناراض اراکین میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ اور ان کے ساتھی صرف عمران خان کی رہائی چاہتے ہیں اور اسی مقصد کے حصول کے لیے اپنی سیاسی حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔
فضل الٰہی کا کہنا تھا کہ ہماری وجہ سے ہی عمران خان جیل میں ہیں، اس لیے اب ضروری ہے کہ ان کی رہائی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہاکہ بجٹ سے قبل ناراض اراکین کا اجلاس ہوگا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا اور عمران خان کی رہائی کے لیے ایک مستحکم حکمت عملی سامنے لائی جائے گی۔
ناراض رکن خیبرپختونخوا اسمبلی نے کہاکہ وہ تمام پارلیمنٹیرینز سے عمران خان کی رہائی کے لیے حلف لیں گے تاکہ اس معاملے پر ایک مشترکہ اور واضح مؤقف اختیار کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ناراض گروپ عمران خان کی رہائی کا ایک مضبوط اور قابلِ عمل حل تلاش کرے گا اور اسی مقصد کے لیے تمام ممکنہ سیاسی آپشنز پر غور کیا جائے گا۔
فضل الٰہی نے شفیع جان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی باتوں پر دھیان نہیں دیتے کیونکہ وہ چھوٹا بچہ ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ان کا سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بات چیت ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کو مشکلات، کیا ناراض اراکین بجٹ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں؟
فضل الٰہی نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی تمام تر توجہ عمران خان کی رہائی پر مرکوز ہے اور ناراض اراکین اسی مقصد کے لیے متحد ہیں۔














