کلمے کے نام پر بننے والے ملک کی مخالفت اسلام کے خلاف، مسلح جدوجہد حرام ہے : مفتی محمد کریم خان

بدھ 10 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ اور قومی پیغام امن کمیٹی کے رکن مفتی محمد کریم خان نے  کہا ہے کہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا، کلمے کے نام پر بننے والے ملک کی مخالفت خواہ اسلام کے نام پر ہو یا عصبیت کے نام پر، خلاف اسلام ہے، اسلامی ریاست کے خلاف جہاد بھی حرام ہے۔

چیئرمین وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے رکن مفتی محمد کریم خان نے وی نیوز کے پروگرام اسلام دینِ امن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان اور دوسرے انسان محفوظ رہیں۔

مفتی محمد کریم خان نے کہا کہ پاکستان اس وقت واحد ریاست ہے جو کلمہ طیبہ کے نام پر بنی اور واحد ہماری فوج ہے جس کا ماٹو ایمان، تقویٰ، جہاد فی سبیل اللہ ہے۔ پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جو ایٹمی طاقت رکھتا ہے اور مقابلہ کرنے والی فوج رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان نے اپنے ازلی دشمن کو شکست دی اور اب امریکا جیسی عالمی طاقتیں امن کے لیے پاکستان آ رہی ہیں، ایسی صورتحال میں ہماری زیادہ ذمے داری بنتی ہے کہ ہم اس ملک میں امن قائم رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو قوتیں ہمارے ملک کا سامنے سے مقابلہ نہیں کر سکتیں، وہ کبھی فتنہ الخوارج اور کبھی عصبیت کی بنیاد پر علاقائی گروہوں کے ذریعے دہشتگردی کروا رہی ہیں۔ لیکن کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ملک کی جو بھی مخالفت کرے گا، وہ اسلام کے خلاف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد کرنا حرام ہے۔ دہشتگردی اور خودکش حملے تو کسی صورت جائز نہیں۔

خوارج کی سب سے بڑی نشانی یہ ہے کہ وہ مسلمانوں کا قتلِ عام کرتے ہیں اور بت پرستوں کے ساتھ میل ملاپ رکھتے ہیں۔

’قوم پرستی اور عصبیت اسلام کے خلاف ہے‘

مفتی محمد کریم خان نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے کہ جو کوئی قوم پرستی، قوم یا قبیلے کی وجہ سے کسی کا ساتھ دیتا ہے تو وہ جہنمی ہے۔ قومی پیغامِ امن کمیٹی کا کارنامہ یہ ہے کہ اسلام آباد میں دہشتگردی کا واقعہ ہوا تو چند گھنٹوں میں تمام مسالک کے علماء اس کی مذمت کے لیے موجود تھے۔ باقی جو کچھ کشمیر یا دوسری جگہوں پر ہو رہا ہے، اس کا حل مذاکرات ہیں، دہشتگردی کی بالکل گنجائش نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج اور قوم پرستی کے نام پر دہشتگردی کرنے والے فتنہ الہندوستان کی سب سے بڑی نشانی یہ ہے کہ انہوں نے مسلمانوں کو چھوڑ کر بت پرستوں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔ انہی سے یہ فنڈنگ اور ہدایات لے رہے ہیں۔ بلوچستان میں ہم لوگ گئے تھے، وہاں لوگوں کی ذہنیت بدل رہی ہے اور فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج جلد انجام کو پہنچیں گے۔

’خوارج کی نشانی یہ ہے کہ وہ اسلام کا روپ لے کر آتے ہیں‘

مفتی محمد کریم خان نے بتایا کہ خوارج کی نشانی یہ ہے کہ وہ اسلام کا روپ لے کر آتے ہیں۔ ان کا اسلام کا نعرہ نہیں دیکھا جائے گا بلکہ ان کا طرزِ عمل دیکھا جائے گا۔ خوارج مسلمانوں کو قتل کرتے ہیں اور بت پرستوں کے ساتھ میل ملاپ کرتے ہیں۔ وہ ان کے ساتھ اس ملک کے خلاف معاہدے کر رہے ہیں۔

’پاک سعودی دفاعی معاہدہ اللہ کا بہت بڑا کرم ہے‘

مفتی محمد کریم خان نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے پاکستان کو حرمین الشریفین کی حفاظت کی ذمے داری دی ہے جو اللہ کا بہت بڑا کرم ہے اور اب پاکستانی اسرائیل کے سر پر سوار ہیں۔ سعودی عرب کی حفاظت کے لیے پاکستانی عوام کے اندر قرونِ اولیٰ والا جذبہ آ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کلمہ طیبہ کے نام پر بنا تھا اور یہی کلمہ طیبہ سعودی عرب کے پرچم پر بھی لکھا ہے اور سعودی عوام بھی ہم سے دلی محبت کرتے ہیں۔ اس معاہدے کو تھوڑا وسیع ہونا ہے اور یہی مسلم امت کے اتحاد کا باعث بنے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

خستہ حال پل ٹوٹنے سے بھاری ٹرک ندی میں جا گرا، خیبر پختونخوا سے ہولناک حادثے کی ویڈیو وائرل

28 جولائی 2010: وہ دن جب میرے قدموں تلے زمین نکل گئی

بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ سے ملاقات کے 3 دن بعد طالبہ نے خودکشی کرلی

اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات:شکیل شیخ گروپ کی 26 سالہ حکمرانی ختم جے جے گروپ کا کلین سویپ

امریکی کانگریس کے وفد کی اسحاق ڈار سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

ویڈیو

امریکی کانگریس کے وفد کی اسحاق ڈار سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے، دھاندلی کے الزامات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے، بلاول بھٹو

جنوب مغربی جاپان میں 7.1 شدت کا زلزلہ، سونامی الرٹ جاری

کالم / تجزیہ

28 جولائی 2010: وہ دن جب میرے قدموں تلے زمین نکل گئی

جاوید ہاشمی جواب دیں

فخر درانی۔ ایک دلیر صحافی