ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں نیا موڑ، ٹرمپ کا ایرانی قیادت سے براہِ راست رابطے کا انکشاف

جمعرات 11 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے اعلیٰ حکام نے ان سے براہِ راست رابطہ کر کے امریکی فضائی حملے روکنے کی درخواست کی ہے، جس سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں ایک نیا اور غیر معمولی سفارتی موڑ سامنے آیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے فاکس نیوز کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ انکشاف اپنے چیف فارن کورسپونڈنٹ ٹری ینگسٹ سے گفتگو میں کیا۔ ان کے مطابق ایرانی قیادت کی جانب سے یہ رابطہ اس وقت کیا گیا جب امریکا نے ایران میں اہداف پر شدید نوعیت کے حملے کیے۔

ٹرمپ کے مطابق امریکی کارروائی کے دوران 49 ٹوماہاک میزائل فائر کیے گئے جبکہ لڑاکا طیاروں نے ایران کے ریڈار اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔ یہ حملے مبینہ طور پر تہران سے تقریباً 40 میل دور اور خلیج فارس کے جنوب مغربی ساحلی علاقوں میں کیے گئے۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ اگر ایران نے جاری بحران کے خاتمے کیلئے معاہدہ نہ کیا تو امریکا اپنی فوجی کارروائیوں میں تیزی سے اضافہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کے سخت لہجے نے خطے میں پہلے سے جاری غیر یقینی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کا کردار: کیا اسلام آباد نے جنگ کو پھیلنے سے روک دیا؟

ٹرمپ کے مطابق ایران کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ مزید اشتعال انگیزی کی صورت میں امریکا بھرپور ردعمل دے گا۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اپنی شرائط پر خطے میں استحکام چاہتا ہے اور کسی بھی پیش رفت کے بغیر دباؤ جاری رکھے گا۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی پہلے ہی اپنی بلند ترین سطح پر ہے اور عالمی سطح پر صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp