عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے 2026 ورلڈ کپ کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والا میگا ایونٹ تاریخ کا سب سے زیادہ مالی فوائد فراہم کرنے والا ورلڈ کپ بن جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2026 ورلڈ کپ کی مجموعی انعامی رقم 2022 قطر ورلڈ کپ کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہوگی۔ فیفا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کی فیڈریشن کو 50 ملین ڈالر دیے جائیں گے جبکہ رنر اپ ٹیم 33 ملین ڈالر حاصل کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: فٹبال قوانین میں نئی تبدیلیاں کیا ہیں؟
تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 29 ملین ڈالر اور چوتھی پوزیشن پر آنے والی ٹیم کو 27 ملین ڈالر انعامی رقم دی جائے گی۔
فیفا کے مطابق کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ہر ٹیم کو 19 ملین ڈالر ملیں گے جبکہ پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) میں باہر ہونے والی ٹیموں کے حصے میں 15 ملین ڈالر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فٹبال کا جنون عروج پر، ظہران ممدانی کا فیفا ورلڈ کپ فائنل کی مفت واچ پارٹی کا اعلان
48 ٹیموں پر مشتمل نئے فارمیٹ کے تحت راؤنڈ آف 32 میں شکست کھانے والی ٹیموں کو بھی 11 ملین ڈالر انعامی رقم دی جائے گی جبکہ گروپ مرحلے میں تمام میچ ہارنے والی ٹیمیں بھی 9 ملین ڈالر وصول کریں گی۔
اس کے علاوہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی تمام قومی فیڈریشنز کو تیاری کے اخراجات کے لیے علیحدہ مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔













