چیمبر آف کامرس، ٹرانسپورٹرز، انجمن تاجران اور مائنز اونرز الائنس کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں آج شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے۔
ہڑتال قومی شاہراہوں پر مال بردار گاڑیوں کی لوٹ مار اور ٹرکوں کو نذر آتش کیے جانے کے واقعات کے خلاف کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: گرینڈ الائنس بلوچستان کی صوبہ بھر میں 2 روزہ لاک ڈاؤن ہڑتال، سرکاری دفاتر بند
کوئٹہ میں صبح سے بیشتر مرکزی تجارتی مراکز اور مارکیٹیں بند ہیں جبکہ معمول کے مقابلے میں ٹریفک کی آمدورفت بھی انتہائی کم دیکھی جارہی ہے، ہڑتال کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔
دوسری جانب پہیہ جام ہڑتال کے باعث بلوچستان کی مختلف قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی معطل ہے۔ کوئٹہ سے پشین، چمن، ژوب اور پنجاب جانے والی شاہراہیں مختلف مقامات پر بند ہیں جبکہ بولان، سبی، سکھر، کراچی اور تفتان جانے والی شاہراہوں پر بھی ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال جاری، مگر کیوں؟
الائنس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شاہراہوں پر ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالا جائے اور قومی شاہراہوں کو محفوظ بنایا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی۔












