سولر صارفین کے لیے بجٹ 27-2026 کا بڑا سرپرائز، حکومت کا ٹیکس نہ بڑھانے کا اعلان

جمعہ 12 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں سولر پینلز پر سیلز ٹیکس کی موجودہ شرح کو برقرار رکھنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت کے اس اقدام سے سولر صارفین اور شمسی توانائی کی صنعت سے وابستہ حلقوں کو ایک بڑا ریلیف ملا ہے، جو بجٹ سے قبل ممکنہ ٹیکس اضافے کے خدشات کے باعث شدید تشویش کا شکار تھے۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ27-2026: بین الاقوامی کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ ٹرانزیکشنز پر ود ہولڈنگ ٹیکس میں بڑی کمی کی تجویز

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مہنگی بجلی سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور ملک بھر میں قابلِ تجدید (رینیوایبل) توانائی کے فروغ کے عزم کے تحت کیا گیا ہے۔

مہنگی بجلی سے پریشان عوام کا واحد سہارا، سولر انڈسٹری

پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اور بے تحاشا اضافے کے باعث گزشتہ چند برسوں کے دوران سولر توانائی کا استعمال نمایاں طور پر بڑھا ہے۔

ملک کے لاکھوں صارفین بجلی کے بھاری بلوں سے جان چھڑانے کے لیے اپنے گھروں اور کاروباری مراکز پر سولر سسٹمز نصب کر چکے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ سولر مارکیٹ اس وقت ملک کے تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں شامل ہو چکی ہے، اور بجٹ میں اس شعبے پر ٹیکس، ڈیوٹیوں یا ممکنہ مراعات سے متعلق اعلانات پر صارفین اور کاروباری حلقوں کی گہری نظریں لگی ہوئی تھیں۔

آئی ایم ایف کا دباؤ مسترد

واضع رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ’آئی ایم ایف‘ نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ سولر پینلز پر دی گئی ٹیکس رعایت کو مکمل طور پر ختم کیا جائے اور سیلز ٹیکس کی شرح کو 1 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کیا جائے۔ تاہم وفاقی حکومت نے عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے آئی ایم ایف کی اس تجویز کو بجٹ کا حصہ نہ بنانے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔

ماضی کا پسِ منظر اور ٹیکس کی شرح

یاد رہے کہ مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں حکومت نے درآمدی سولر پینلز پر ’18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی)‘ عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں شدید عوامی ردِعمل اور کاروباری برادری کے تحفظات کے پیشِ نظر حکومت نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی اور اس شرح کو کم کرکے ’10 فیصد’ کر دیا تھا۔

مزید پڑھیں:بجٹ 27-2026:  خواتین سے متعلق ضروری مصنوعات سستی کرنے کی تجویز

اگرچہ اس اقدام کے باوجود پہلی مرتبہ جی ایس ٹی کے نفاذ سے سولر سسٹمز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا، جس پر سولر انڈسٹری نے گہری تشویش کا اظہار کیا تھا، لیکن موجودہ بجٹ میں اس ٹیکس کو مزید نہ بڑھا کر حکومت نے مارکیٹ کو بڑا سہارا دیا ہے۔

متبادل توانائی کے فروغ کا حکومتی عزم

حکومت کے اس حالیہ فیصلے سے یہ واضح تاثر ملتا ہے کہ وہ ملک میں گرین انرجی اور متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے کی پالیسی پر کاربند رہنا چاہتی ہے، تاکہ عوام کو مہنگی بجلی کے بھاری بوجھ سے مستقل نجات دلائی جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp