محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم بعض بالائی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
صوبائی دارالحکومتوں کراچی اور لاہور میں سورج آگ برسا رہا ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے اندرونی اضلاع شدید لو کی لپیٹ میں ہیں۔
محکمہ موسمیات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق کراچی کا موسم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرم، مرطوب اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان بھر میں گرم اور خشک موسم کی لہر برقرار، محکمہ موسمیات کی وارننگ
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ساحلی شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا اندازہ ہے۔
صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد بلند سطح پر رہا، جس کی وجہ سے گرمی کی اصل شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
اس وقت شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے 23 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، اور دن میں کبھی کبھار تیز ہوائیں چلنے کا امکان بھی موجود ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں حالیہ آندھی اور بارش کے بعد پیدا ہونے والی خوشگواریت ختم ہو چکی ہے اور گرمی کی شدت دوبارہ بڑھ رہی ہے۔
ماہرینِ موسم کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا اور دن بھر آسمان صاف رہنے کے باعث بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو دن بڑھنے کے ساتھ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہونے کی وجہ سے شہر میں حبس بڑھ گیا ہے، جس پر طبی ماہرین نے شہریوں کو دھوپ میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور پانی کا استعمال بڑھانے کا مشورہ دیا ہے۔
مزید پڑھیں:عالمی یومِ ماحولیات: پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کا خواہاں، نائب وزیراعظم
ملک کے دیگر حصوں کی بات کی جائے تو پنجاب کے زیادہ تر اضلاع گرمی کی گرفت میں رہیں گے، البتہ مری، گلیات اور ان کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، لیکن کوہاٹ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور کرم کے چند مقامات پر شام یا رات کے وقت بادل برس سکتے ہیں۔
سندھ کے بالائی اضلاع اور بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) برقرار رہے گی، اور بالائی سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔














