محکمہ موسمیات نے 16 سے 20 جون کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 16 جون سے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جبکہ خلیجِ بنگال سے مرطوب ہوائیں بھی ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں پہنچیں گی۔
مزید پڑھیں: جولائی سے ستمبر تک ملک میں معمول سے کم بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور دیگر علاقوں میں 16 سے 20 جون کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع جبکہ سندھ کے بالائی علاقوں میں بھی 16 سے 20 جون کے دوران بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
شہریوں، کسانوں، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور تازہ ترین موسمی صورتحال سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔













