اٹلی نے پاکستان کے اسمگل شدہ 7 نوادرات واپس کر دیے

جمعرات 18 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اٹلی نے اسمگل کیے گئے پاکستان کے 7 تاریخی نوادرات واپس کر دیے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ورثے کے تحفظ اور نوادرات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف تعاون کا ایک اور اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو اپنا کھویا ہوا ثقافتی خزانہ مل گیا، امریکا نے مجسموں سمیت 450 نوادرات حوالے کردیے

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ نوادرات اطالوی وزارت معیشت و خزانہ کے تحت کام کرنے والے ادارے گارڈیا دی فینانزا نے برآمد کیے تھے۔

یہ تاریخی نوادرات اپریل 2025 میں میلان میں پاکستان کے قونصل خانے کے حوالے کیے گئے تھے جہاں سے انہیں پاکستان روانہ کیا گیا اور جمعرات کو اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔

یہ حالیہ واپسی اکتوبر 2025 میں اٹلی کی جانب سے پاکستان کے 90 تاریخی نوادرات واپس کیے جانے کے بعد ایک اور اہم پیشرفت ہے۔ ان نوادرات کو سنہ 2007 میں اٹلی کے کارابینیری کمانڈ برائے تحفظ ثقافتی ورثہ نے ضبط کیا تھا جو اطالوی وزارت ثقافت کا خصوصی ادارہ ہے اور ثقافتی نوادرات کی چوری اور غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائیاں کرتا ہے۔

پاکستانی سفارت خانے نے کہا کہ نوادرات کی واپسی دونوں ممالک کے مضبوط سفارتی تعلقات اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے جبکہ یہ دوطرفہ تعاون نوادرات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے قائم مؤثر نظام کی کامیابی کا بھی ثبوت ہے۔

پاکستان اور اٹلی کے درمیان آثارِ قدیمہ، ثقافتی ورثے کے تحفظ، تحقیقی منصوبوں، ماہرین کی تربیت اور تاریخی مقامات کی بحالی کے شعبوں میں کئی دہائیوں پر محیط تعاون جاری ہے۔

اٹلی کی آثار قدیمہ سے وابستگی کا آغاز سنہ 1955 میں ہوا جب معروف اطالوی ماہر آثار قدیمہ پروفیسر جوزیپے توچی نے سوات میں اطالوی آثار قدیمہ مشن قائم کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے سنہ 1959 میں انہیں ہلال امتیاز سے نوازا تھا۔

مزید پڑھیے: برطانیہ کے میوزیم سے 600 قیمتی نوادرات چوری، ہندوستانی تاریخی اشیا بھی شامل

بعد ازاں اطالوی ماہرین پروفیسر لوکا اولیویری اور پروفیسر والیریا پیاسینتینی کو بھی پاکستان میں آثار قدیمہ کے شعبے میں خدمات پر بالترتیب ستارۂ امتیاز (2016) اور تمغۂ پاکستان (2025) سے نوازا گیا۔

سفارت خانے نے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ ہزاروں برس پر محیط ہے جس میں بلوچستان کا تقریباً 7 ہزار سال قدیم مہرگڑھ، سندھ اور پنجاب پر مشتمل 5 ہزار سال قدیم وادیٔ سندھ کی تہذیب اور خیبرپختونخوا میں فروغ پانے والی 2 ہزار سال قدیم گندھارا تہذیب شامل ہیں۔

بیان میں پنجاب کے تاریخی فصیل بند شہروں ملتان اور لاہور کا بھی ذکر کیا گیا جنہوں نے برصغیر کی تہذیبی اور تاریخی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستانی سفارت خانے نے نوادرات کی بازیابی اور ان کی واپسی کے لیے ضروری قانونی و انتظامی کارروائیاں مکمل کرنے پر اٹلی کے کارابینیری کمانڈ برائے تحفظِ ثقافتی ورثہ، گارڈیا دی فینانزا اور اطالوی وزارتِ ثقافت کے آفس آف ایکسپورٹ لائسنسنگ کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں: فرانس میں ضبط ہونے والے بلوچستان کے قیمتی نوادرات واپس پاکستان پہنچ گئے

سفارت خانے نے اس پیشرفت کو پاکستان اور اٹلی کی دیرینہ دوستی اور انسانی تہذیبی ورثے کے تحفظ کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی علامت قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پیراماؤنٹ اور وارنر برادرز ڈسکوری کے اربوں ڈالر کے انضمام کو عدالتی حکم سے روک دیا گیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے پر اسپین پر ڈالروں کی بارش، کتنا انعام ملا؟

کینیڈا میں جنگلاتی آگ بے قابو، دھوئیں نے امریکا کے کئی علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا

سی پی ایل 2026، صائم ایوب جمیکا کنگز مین اسکواڈ کا حصہ بن گئے

پاکستان اور کینیڈا کا دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

ویڈیو

ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی پاکستان پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقاتیں متوقع

کراچی سو رہا تھا، مگر ’منی برازیل‘ جاگ رہا تھا، لیاری میں فٹبال فائنل کی رات کیسی گزری؟

نورین نیازی کے بیان پر عوام کا شدید غصہ، مولانا فضل الرحمان معافی نہ مانگنے پر بضد، کالعدم ایکشن کمیٹی کی بڑی سازش

کالم / تجزیہ

ورلڈ کپ ختم ہوا، کہانی نہیں

کیا واقعی کچھ ہونے والا ہے؟

ایک اور وکلا تحریک: ہماری توبہ، ہمیں معاف رکھیں