جعلی رسید نہیں، اصل ٹیکس: پنجاب حکومت کا ٹیکس چوروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

منگل 23 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیکس چوری اور ٹیکس فراڈ کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مؤثر نگرانی کا نظام متعارف کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب ریونیو سے متعلق ایک اہم اجلاس میں ٹیکس وصولیوں، سیکٹرل میپنگ اور ریونیو نظام کی بہتری کے حوالے سے متعدد فیصلے کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کی ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائی، وسطی پنجاب میں 2 شوگر ملیں سیل

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑی فوڈ چینز کی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کے لیے کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ کاروباری لین دین اور سیلز کو شفاف بنایا جا سکے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ جعلی رسیدیں جاری کرنے اور سیلز چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ہر ٹرانزیکشن کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اگر دنیا کیش اکانومی سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب منتقل ہو سکتی ہے تو پاکستان بھی ایسا کر سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں ای ٹیکسی اسکیم کا آغاز ،قیمت کیا ہوگی ؟

انہوں نے بڑے ریسٹورنٹس میں نقد وصولی کے بجائے ڈیجیٹل پیمنٹ کو لازمی بنانے کی تجویز پر غور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے قابل عمل سفارشات پیش کرنے کا حکم دیا۔

مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری کے معاملے میں ’نو ٹالرنس‘ کی پالیسی اپنائی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ جدید نگرانی کے نظام کے تحت نہ صرف کیمرے بلکہ ڈیجیٹل سسٹمز بھی ٹیکس چوری اور مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کریں گے۔

انہوں نے ٹیکس وصولی اور سیکٹرل میپنگ کی ہفتہ وار رپورٹس باقاعدگی سے پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

مزید پڑھیں:  پنجاب اسمبلی: اسپیکر نے زرعی ٹیکس کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیدیا، مریم نواز کے حق میں قرارداد منظور

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی وصولیوں میں 38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ریونیو کلیکشن 250 ارب روپے سے بڑھ کر 346 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ پی آر اے کا دائرۂ کار 10 اضلاع سے بڑھا کر 26 اضلاع تک وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ ادارے میں انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن ونگ، ٹیکس پیئر آڈٹ ونگ اور لیگل ونگ بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔

مالی سال 27-2026 کے لیے پنجاب حکومت نے 528.5 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی نے مویشیوں سے آمدنی پر ٹیکس ختم کرنے کا بل منظور کرلیا

وزیراعلیٰ نے پی آر اے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کو شاباش دی اور انفورسمنٹ، ہیومن ریسورس اور جدید ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں میں مزید اضافے کی ہدایت کی۔

مریم نواز شریف نے عوام میں ٹیکس آگاہی بڑھانے کے لیے پی آر اے کے میڈیا ونگ کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ جہاں بھی پی آر اے کارروائی کرے، اس کی وجوہات اور تفصیلات جامع انداز میں میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچائی جائیں تاکہ شفافیت کو فروغ دیا جا سکے اور ٹیکس کلچر کو مضبوط بنایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp