ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں نور خان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا خیرمقدم کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ایران امریکا مفاہمت میں تاریخی کردار ادا کیا، یہ بڑی سفارتی کامیابی ہے، وزیراعظم شہباز شریف
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے برادر ملک سے آئے معزز مہمان کے استقبال کے دوران خود ان کے لیے چھتری تھامے رکھی اور ان کو سایے میں لیے چلتے رہے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا پاکستان میں ریڈ کارپٹ استقبال!
وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کے استقبال کے دوران خود اُن کے لیے چھتری تھامے رکھی pic.twitter.com/k6ePBtxjsI— WE News (@WENewsPk) June 23, 2026
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایران کا اعلیٰ سطحی وفد بھی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ہمراہ پاکستان پہنچا۔
ایئرپورٹ پر ایرانی صدر کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کے ذریعے انہیں سلامی پیش کی۔
استقبالی تقریب کے دوران روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ایرانی صدر کو پھول پیش کیے، جبکہ پاکستان اور ایران کے قومی پرچم تھامے بچوں نے خیرمقدمی نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا۔ صدر مسعود پزشکیان نے ہاتھ ہلا کر بچوں کے نعروں کا جواب دیا۔
ایرانی صدر نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور دیگر پاکستانی قیادت سے گرمجوشی سے معانقہ اور مصافحہ کیا۔
خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی ایرانی صدر کے استقبال کے لیے نور خان ایئربیس پر موجود تھے۔
وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش
بعد ازاں ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم ہاؤس آمد پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا باقاعدہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ صدر مسعود پزشکیان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ تقریب کے دوران پاکستان اور ایران کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں یادگاری پودا لگایا اور اس موقع پر دعا بھی کی۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی وزیراعظم ہاؤس آمد، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا pic.twitter.com/OzOXqxQ3ZI
— WE News (@WENewsPk) June 23, 2026
استقبالیہ تقریب کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے تعارف کرایا، جبکہ ایرانی صدر نے بھی اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متعارف کرایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے وفاقی کابینہ کا تعارف کروایا، ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں یادگاری پودا بھی لگایا pic.twitter.com/9WMbskcavD
— WE News (@WENewsPk) June 23, 2026
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا دورہ پاکستان ایسے وقت میں ہورہا ہے جب پاکستانی کی ثالثی میں امریکا اور ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جبکہ 60 روز میں حتمی معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔
مزید پڑھیے: اسلام آباد مفاہمتی یادداشت، اسپیکر قومی اسمبلی کا تاریخی سفارتی کامیابی پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین
امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے لیے پاکستان کی سفارتکاری کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔













