آزاد کشمیر انتخابات: کون سے بڑے سیاسی کھلاڑی میدان میں ہوں گے؟

جمعرات 25 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر میں 27 جولائی 2026 کو عام انتخابات کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے بعد سیاسی جماعتوں نے الیکشن میں حصہ لینے کی تیاری شروع کردی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، جس کے بعد سیاسی جوڑ توڑ کا عمل جاری ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: پیپلز پارٹی انتخابی میدان میں کودنے کے لیے تیار، جے یو آئی سے اتحاد کرلیا

آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان مقابلہ متوقع ہے، تاہم پی ٹی آئی، مسلم کانفرنس، استحکام پاکستان پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے امیدوار بھی قسمت آزمائی کریں گے۔

2026 کے عام انتخابات میں بڑے سیاسی کھلاڑی میدان میں موجود ہیں، تاہم الیکشن میں ہمیشہ کی طرح بڑے بڑے برج الٹنے کا امکان بھی موجود ہے۔

اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر

چوہدری لطیف اکبر جن کا تعلق مظفرآباد کے حلقہ پانچ کھاوڑہ سے ہے، آزاد کشمیر کے سینیئر سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے 10 انتخابات میں حصہ لے کر 7 میں کامیابی حاصل کی۔ وہ اس بار 11ویں الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

چوہدری لطیف اکبر کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے امیدوار راجا ثاقب مجید سے ہوگا، گزشتہ الیکشن میں راجا ثاقب مجید مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے میدان میں موجود تھے اور بہت کم مارجن سے الیکشن ہار گئے تھے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر

مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سینیئر سیاستدان راجا فاروق حیدر جو 2 بار ریاست کے وزیراعظم رہ چکے ہیں، حالیہ عام انتخابات میں ایک بار پھر میدان میں ہیں اور ان کی پوزیشن مستحکم ہے۔

راجا فاروق حیدر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 32 چکار جہلم ویلی سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔

راجا فیصل ممتاز راٹھور

راجا فیصل ممتاز راٹھور اس وقت آزاد کشمیر کے وزیراعظم ہیں، ان کے والد ممتاز حسین راٹھور بھی آزاد کشمیر کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ فیصل راٹھور قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 17 حویلی کہوٹہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 14 باغ سے انتخابات میں حصہ لیں گے، یہ ان کا آبائی حلقہ ہے جہاں سے ان کے والد مجاہد اول سردار عبدالقیوم (مرحوم) الیکشن لڑتے تھے۔

سردار عتیق احمد کی حلقے میں پوزیشن مستحکم ہے اور وہ الیکشن جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔

سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب

آزاد کشمیر کے سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر راولاکوٹ سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، اور ان کی پوزیشن مستحکم ہے۔

سردار یعقوب 2008 میں مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے وزیراعظم منتخب ہوئے، بعد ازاں پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے اور 2011 سے 2016 تک صدر ریاست کے منصب پر فائز رہے۔

چوہدری محمد یاسین

چوہدری محمد یاسین پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر ہیں اور ان کا شمار بھی آزاد کشمیر کے سینیئر سیاستدانوں میں ہوتا ہے، وہ کوٹلی کے حلقہ پانچ چڑہوئی سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

چوہدری یاسین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے 2021 کے انتخابات میں حلقہ پانچ چڑہوئی اور حلقہ ایل اے 10 سٹی 3 کوٹلی کی دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی، بعد ازاں چڑہوئی کی آبائی نشست چھوڑی دی، جہاں سے ان کے بیٹے عامر یاسین نے ضمنی انتخابات میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔

صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر

شاہ غلام قادر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر ہیں اور وادی نیلم کے دونوں حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

شاہ غلام قادر نے 2016 کے عام انتخابات میں آزاد کشمیر بھر میں سب سے زیادہ 41 ہزار ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، اور بعد ازاں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں اسپیکر اسمبلی کے منصب پر فائز رہے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی

2021 کے انتخابات کے بعد وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے والے سردار عبدالقیوم نیازی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 18 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

2021 میں اس وقت کے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم نامزد کیا تھا، تاہم 2022 میں پی ٹی آئی نے اپنے ہی وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد پیش کرکے انہیں عہدے سے ہٹا دیا اور تنویر الیاس وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس

آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس جنہوں نے 2021 کا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر لڑا تھا، اب پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور 3 حلقوں سے میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے 2021 کا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر لڑا اور کامیابی حاصل کرنے کے بعد اسپیکر اسمبلی منتخب ہوگئے۔

بعد ازاں 2023 میں جب وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو عدالت نے نااہل قرار دے دیا تو چوہدری انوارالحق پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کی طرف سے وزیراعظم نامزد کردیے گئے، اور ریکارڈ 48 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوگئے۔

چوہدری انوارالحق ایک بار پھر بھمبر سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں تاہم انہوں نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ وہ کسی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیں گے یا آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں اتریں گے۔

ذرائع کے مطابق چوہدری انوارالحق استحکام پاکستان پارٹی کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔

چوہدری طارق فاروق

چوہدری طارق فاروق مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل اور چوہدری انوارالحق کے سیاسی حریف ہیں، وہ 2016 سے 2021 تک مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں سینیئر وزیر رہ چکے ہیں اور اس وقت ان کی پوزیشن مستحکم ہے۔

راجا مشتاق منہاس

راجا مشتاق منہاس مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سینیئر نائب صدر ہیں اور وہ باغ کے حلقہ 2 ایل اے 15 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ 2016 کے الیکشن میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی اور 5 سال تک وزیر اطلاعات رہے۔

مزید پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے پیپلز پارٹی کی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی

نورین عارف

نورین عارف مسلم لیگ ن کی سینیئر رہنما ہیں، جو مظفرآباد کے حلقہ کوٹلہ سے ن لیگ کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں اور ان کا مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے امیدوار جاوید ایوب سے ہوگا۔

سردار قمرالزمان

سردار قمرالزمان پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے رہنما ہیں، ماضی میں وہ سینیئر وزیر سمیت اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، اس مرتبہ وہ شرقی باغ سے میدان میں اترنے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور ان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر سردار میر اکبر سے ہوگا، گزشتہ الیکشن میں بھی وہ معمولی مارجن سے شکست کھا گئے تھے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن کی حکومت بننے کا امکان ہے، اور مسلم کانفرنس بھی کابینہ کا حصہ ہو سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

گارجین رپورٹ: کیا ایران امریکا معاہدہ بچانے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو لگام دیں گے؟

آزاد کشمیر انتخابات کے لیے مزید 5 امیدواروں کو ن لیگ کے ٹکٹ جاری

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

آئی بی ایم کا نیا کارنامہ: 100 ارب ٹرانزسٹرز کی گنجائش والی ناخن جتنی چپ

پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رجحان تیزی سے بڑھنے لگا، 3 ماہ میں کتنی ٹرانزیکشنز ہوئیں؟

ویڈیو

’پاکستان نے بطور ثالث دنیا میں امن پسندی کو تقویت دی‘، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

پاکستان اور کشمیر کا رشتہ مضبوط، تاریخی اور ناقابل تنسیخ، کسی صورت کمزور نہیں ہونے دیا جائےگا، سردار عتیق

عوام کے لیے بڑی خوشخبری، ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پر بھارت میں صف ماتم کیوں؟

کالم / تجزیہ

تجھے کون بچائے گا کالیا؟

مسکراہٹیں بکھیرنے والے ادیب کی داستانِ غم

بلوچستان: فیصلہ یہیں ہوگا