پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کا 84واں اجلاس چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور میں منعقد ہوا، جس میں مالی سال 27-2026 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے بجٹ کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ لیگ کو انتظامی اور مالیاتی طور پر خود مختار بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں:بنگلہ دیشی مؤقف کی حمایت، پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو باضابطہ خط لکھ دیا
بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے بجٹ میں ایک ارب روپے اضافے کی منظوری دیتے ہوئے اسے 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں قومی کرکٹ ٹیم کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ، ادائیگی کے طریقہ کار اور قومی کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔
قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے جبکہ ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ خواتین کی کرکٹ کے فروغ کے لیے ویمنز ون ڈے اور ٹی20 ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس مقصد کے لیے فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے 2026-27 کے سرپلس بجٹ کی منظوری دے دی، ڈومیسٹک کرکٹ کے فنڈز میں ایک ارب روپے اضافہ@iamabidmalik @alihamzaisb pic.twitter.com/7uBeJXpJtL
— Media Talk (@mediatalk922) June 29, 2026
اجلاس میں ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے مقرر کرنے، 12 مزید گراؤنڈز کو آپریشنل کرنے اور مطلوبہ ہیومن ریسورس کے لیے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
بورڈ نے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی اور دیگر انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے مختص کرنے، جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں بائیو مکینکس مشین کی تنصیب کے لیے بھی فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دی۔
مزید پڑھیں:محمد رضوان اور شان مسعود کو کپتانی سے ہٹایا جارہا ہے؟ پاکستان کرکٹ بورڈ نے وضاحت کردی
اجلاس میں گزشتہ بورڈ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، جبکہ چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ نے نئے مالی سال کے بجٹ کے خدوخال اور مالیاتی اعداد و شمار پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے اراکین انوار غنی، چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان، اسماعیل قریشی، سجاد کھوکھر، تنویر احمد، عدنان ملک، سابق کپتان ظہیر عباس، ایڈیشنل سیکریٹری کابینہ ڈویژن میر حسن نقوی، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔













