آزاد کشمیر کے سابق وزیر حکومت اور حلقہ ایل اے ون ڈڈیال سے منتخب رکن اسمبلی چوہدری اظہر صادق نے باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔
آزاد کشمیر میں انتخابات کی گہما گہمی کے دوران یہ اہم سیاسی پیش رفت قرار دی جارہی ہے کیونکہ پارٹی قیادت کی جانب سے انہیں انتخابی ٹکٹ بھی جاری کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات کے لیے مزید 5 امیدواروں کو مسلم لیگ ن کے ٹکٹ جاری
چوہدری اظہر صادق کی شمولیت کا باقاعدہ اعلان ایک تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق، سابق سینیئر وزیر اور سابق وزیر داخلہ آزاد کشمیر کرنل (ر) وقار احمد نور، بیرسٹر افتخار گیلانی، ڈاکٹر نجیب نقی سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی و مقامی رہنما بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: 45 حلقوں سے 1265 امیدوار میدان میں، 41 کے کاغذات مسترد
مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے چوہدری اظہر صادق کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی کو آئندہ سیاسی سرگرمیوں اور انتخابی میدان میں مزید تقویت حاصل ہوگی۔
سیاسی مبصرین بھی چوہدری اظہر صادق کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کو آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جو آئندہ انتخابات پر نمایاں اثرات مرتب کر سکتی ہے۔













