جیٹ زیرو کا منفرد طیارہ ،ایئربس اور بوئنگ کے لیے نیا چیلنج

جمعہ 3 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے صحرائے موجاوے میں قائم ایوی ایشن اسٹارٹ اپ ’جیٹ زیرو‘ ایک منفرد طرز کا مسافر بردار طیارہ تیار کر رہا ہے، جس کا مقصد عالمی فضائی صنعت میں ایئربس اور بوئنگ جیسے بڑے اداروں کو چیلنج کرنا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس نئے ڈیزائن سے ایندھن کی کھپت میں 50 فیصد تک کمی لائی جا سکے گی، جبکہ 2027 کے آخر تک اس کے مکمل سائز کے آزمائشی طیارے کی پہلی پرواز متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ریاض ایئر کی باقاعدہ پروازوں کا آغاز، پہلی بوئنگ 787 ڈریم لائنر لندن پہنچ گئی

رائٹرز کے مطابق جیٹ زیرو کا نیا طیارہ روایتی ڈیزائن سے مختلف ’بلینڈڈ وِنگ باڈی‘ طرز پر بنایا جا رہا ہے، جس میں پروں اور مرکزی ڈھانچے کو ایک ہی سطح میں ضم کر دیا گیا ہے۔ اس ڈیزائن کا مقصد فضائی مزاحمت کم کرنا، کم طاقت سے پرواز ممکن بنانا اور ایندھن کی بچت کرنا ہے۔ امریکی فضائیہ اس منصوبے کے لیے 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت کر رہی ہے، جبکہ یونائیٹڈ ایئرلائنز اور الاسکا ایئرلائنز بھی اس میں دلچسپی اور سرمایہ کاری کر چکی ہیں۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ٹام او لیری کا کہنا ہے کہ یہ دنیا کا پہلا مکمل سائز کا ایسا تجارتی طیارہ ہوگا، جس کی تیاری میں ناسا کی 3 دہائیوں سے زائد تحقیق سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر آزمائشی پرواز کامیاب رہی تو 2030 سے تجارتی بنیادوں پر طیاروں کی پیداوار شروع کی جا سکتی ہے۔

جیٹ زیرو کا ’زیڈ 4‘ طیارہ 200 سے 270 مسافروں کی گنجائش رکھے گا اور اسے درمیانے سے طویل فاصلے کی پروازوں کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس میں کشادہ کیبن، بڑی کھڑکیاں، جدید نشستوں کی ترتیب اور نسبتاً کم شور پیدا کرنے والے انجن شامل ہوں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہی ڈیزائن فوجی نقل و حمل اور فضائی ایندھن برداری کے لیے بھی موزوں ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بوئنگ کو دھچکا، ایئر چائنا نے 60 ایئربس طیاروں کا انتخاب کر لیا

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کو کامیابی کے لیے کئی بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں ایندھن کی بچت کے دعوؤں کو عملی طور پر ثابت کرنا، ریگولیٹری منظوری حاصل کرنا اور اربوں ڈالر کی مزید سرمایہ کاری شامل ہے۔ تاہم اگر آزمائشی پرواز کامیاب رہی تو یہ منصوبہ عالمی فضائی صنعت میں ایک بڑی پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp