پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعے کو 14 پاکستانی کرکٹرز کو رواں ماہ منعقد ہونے والی مختلف غیر ملکی فرنچائز کرکٹ لیگز میں شرکت کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (این او سیز) جاری کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈومیسٹک میچ کی فیس 30 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ روپے مقرر، پی سی بی نے 27-2026 کا سرپلس بجٹ پیش کردیا
پی سی بی کی جانب سے محمد حارث، شہاب خان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، فرحان یوسف، شامل حسین، مہران ممتاز، عثمان خان، علی شبیر، محمد فاروق، محمد عمران، محمد باسط اور خلیل احمد کو سال 2026 کی گلوبل سپر لیگ میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔
گلوبل سپر لیگ کے تمام میچز 23 جولائی سے یکم اگست تک پروویڈنس اسٹیڈیم گیانا میں کھیلے جائیں گے۔
5 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپیئن لاہور قلندرز کے علاوہ آسٹریلیا کی پرتھ اسکارچرز، متحدہ عرب امارات کی ڈیزرٹ وائپرز، امریکا کی سان فرانسسکو یونیکورنز اور کیریبین پریمیئر لیگ کی ٹیم گیانا ایمیزون واریئرز شریک ہوں گی۔
مزید پڑھیے: پی سی بی کا کھلاڑیوں کو جدید تربیت کے لیے امریکا بھیجنے کا منفرد منصوبہ
لاہور قلندرز اپنی مہم کا آغاز 23 جولائی کو پرتھ اسکارچرز کے خلاف کرے گی جبکہ 24 جولائی کو اس کا مقابلہ ڈیزرٹ وائپرز سے ہوگا۔ اس کے بعد ٹیم 26 جولائی کو گیانا ایمیزون واریئرز اور 29 جولائی کو سان فرانسسکو یونیکورنز کے خلاف میدان میں اترے گی۔
گلوبل سپر لیگ کے لیے این او سی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، محمد نعیم اور محمد فاروق لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے جبکہ دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی فرنچائز وابستگیوں کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
دریں اثنا معاذ صداقت کو سنہ 2026 کی کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں شرکت کے لیے بھی این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پی سی بی کا بڑا فیصلہ: کھلاڑیوں کے 85 فیصد سنٹرل کنٹریکٹ کارکردگی کی بنیاد پر ہوں گے
ویسٹ انڈیز میں 7 اگست سے 20 ستمبر تک جاری رہنے والے آئندہ سی پی ایل سیزن میں پہلی بار 7 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز، بارباڈوس رائلز، جمیکا کنگزمین، گیانا ایمیزون واریئرز، سینٹ لوشیا کنگز، سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس اور دفاعی چیمپئن ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز شامل ہیں۔














