راولپنڈی کی سول اور پولیس انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل، کمشنر، ڈی سی اور سی پی او سمیت اہم افسران تبدیل

ہفتہ 4 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پنجاب نے راولپنڈی میں اعلیٰ انتظامی سطح پر بڑے پیمانے پر تبادلوں اور تقرریوں کا فیصلہ کرتے ہوئے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) اور دیگر اہم افسران کو تبدیل کر دیا ہے۔ مختلف عہدوں پر نئے افسران کی تعیناتی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پنجاب نے راولپنڈی کی سول اور پولیس انتظامیہ میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی محمد عبدالعامر خٹک، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ اور سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی میں گیس لیکج سے گھر میں خوفناک دھماکا، 7 افراد جھلس کر زخمی

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر محمد عبدالعامر خٹک کو تبدیل کرتے ہوئے انہیں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کو بھی تبدیل کرکے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن لاہور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

حکومت نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو نیا ڈپٹی کمشنر راولپنڈی مقرر کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کو بھی عہدے سے ہٹا کر سینٹرل پولیس آفس لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ حسن مشتاق سکھیرا کو نیا سی پی او راولپنڈی تعینات کیا گیا ہے۔ حسن مشتاق سکھیرا اس سے قبل لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز سی ٹی ڈی کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

انتظامی تبدیلیوں کے تحت اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر حاکم خان کو بھی تبدیل کرتے ہوئے محکمہ سروسز رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن محمد اختر کو اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی صدر تعینات کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں محسن اقبال کا تبادلہ کرکے انہیں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ تقرری کے منتظر رب دینو کو اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں تعینات کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی شہریار شیرازی کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ کیپٹن (ر) طیب سمیع خان کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو راولپنڈی تعینات کر دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp