میدان کے بعد دلوں پر بھی راج، رونالڈو نے زلزلہ متاثرہ معصوم اندریس کی بڑی خواہش پوری کردی

ہفتہ 4 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی شہرت یافتہ فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر انسان دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے وینزویلا کے زلزلہ متاثرہ کم عمر بچے اندریس میلس کی خواہش پوری کر دی ہے۔

رونالڈو نے شدید زخمی اور اسپتال میں زیرِ علاج بچے کے لیے ایک خصوصی حوصلہ افزا پیغام اور اپنا دستخط شدہ ٹریڈنگ کارڈ بھیجا ہے، جسے سوشل میڈیا پر دنیا بھر کے مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔

زلزلے کی تباہ کاری اور اندریس پر ٹوٹنے والی قیامت

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 جون کو وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں کم عمر اندریس میلس شدید زخمی ہو گیا تھا۔

اس ہولناک حادثے میں جہاں بچے کو اپنی ایک ٹانگ سے محروم ہونا پڑا، وہاں وہ اپنے پیارے والدین کے سائے سے بھی محروم ہو گیا۔ اندریس اس وقت اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد صحت یابی کی طرف گامزن ہے۔

رونالڈو کا ٹریڈنگ کارڈ اور محبت بھرا پیغام

ان تمام تر مشکل حالات اور گہرے صدمے کا بہادری سے سامنا کرنے والے اندریس نے اپنی حوصلہ افزائی کے لیے کرسٹیانو رونالڈو کا ایک ’ٹریڈنگ کارڈ‘ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:کرسٹیانو رونالڈو 900 گول کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے

 جب یہ بات پرتگالی اسٹار فٹبالر رونالڈو تک پہنچی، تو انہوں نے صرف کارڈ بھیجنے پر اکتفا نہیں کیا، بلکہ اپنے ننھے مداح کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ایک خصوصی اور جذباتی ویڈیو پیغام بھی ارسال کیا تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکے۔

سوشل میڈیا پر مداحوں کا خراجِ تحسین

رونالڈو کے اس بے مثال جذبۂ ہمدردی کو سوشل میڈیا صارفین اور فٹ بال کے دیوانوں نے بھرپور انداز میں سراہا ہے۔

مزید پڑھیں:رونالڈو اور راموس کے گول، پرتگال نے کروشیا کو 2-1 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے آخری 16 میں جگہ بنالی

مداحوں کا کہنا ہے کہ فٹ بال کے اس سپر اسٹار نے نہ صرف ایک معصوم اور بے سہارا بچے کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیری ہے، بلکہ ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ حقیقی عظمت صرف کھیل کے میدان تک محدود نہیں ہوتی بلکہ اس کا اصل امتحان انسانیت  کا دکھ دور کرنے میں بھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp