روس کا یوکرین پر میزائلوں اور ڈرونز سے بڑا حملہ، 20 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

پیر 6 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

روس نے یوکرین پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے بڑے پیمانے پر حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق حملے نے ایک بار پھر یوکرین کو درپیش امریکی ساختہ فضائی دفاعی میزائلوں کی شدید قلت کو نمایاں کردیا۔ یہ حملہ دارالحکومت کیف پر رواں سال کے مہلک ترین حملے کے چند روز بعد کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: روس یوکرین جنگ اختتام کی جانب بڑھ رہی ہے، صدر پیوٹن

کیف میں رات بھر جاری رہنے والی بمباری کے بعد امدادی کارکن ایک بلند رہائشی عمارت کے ملبے سے لاشیں نکالنے میں مصروف رہے، جس کی بالائی منزلیں حملے میں بری طرح تباہ ہو گئیں۔

نیٹو سربراہی اجلاس سے قبل حملہ، ٹرمپ اور زیلنسکی کی ملاقات متوقع

یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب منگل سے ترکیہ میں نیٹو کا سربراہی اجلاس شروع ہورہا ہے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان امن کی نئی کوششوں کے سلسلے میں ملاقات متوقع ہے۔

یوکرین ایک بھی بیلسٹک میزائل مار گرانے میں ناکام

یوکرینی فضائیہ کے اعداد و شمار کے مطابق روس نے 23 بیلسٹک میزائل داغے، تاہم یوکرین ان میں سے ایک بھی میزائل کو تباہ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ اس صورتحال نے روسی حملوں کے مقابلے میں یوکرین کی بڑھتی ہوئی کمزوری کو نمایاں کر دیا ہے، کیونکہ اس کے پاس موجود قیمتی پیٹریاٹ دفاعی میزائلوں کا ذخیرہ تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔

صدر زیلنسکی متعدد بار مزید انٹرسیپٹر میزائل فراہم کرنے کی اپیل کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یوکرین کے پاس یہی واحد ہتھیار ہے جو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، کیونکہ ان کی انتہائی زیادہ رفتار اور مخصوص پرواز انہیں روکنا نہایت مشکل بنا دیتی ہے۔

زیلنسکی کی نیٹو سے مضبوط فیصلوں کی اپیل

صدر زیلنسکی نے ترکیہ میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس سے قبل مضبوط فیصلوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ یوکرین کو اپنا دفاع یقینی بنانے کے لیے مزید فضائی دفاعی نظام درکار ہیں۔

یوکرینی فضائیہ کے مطابق جولائی کے دوران داغے گئے 49 بیلسٹک میزائلوں میں سے صرف 4 کو ہی مار گرایا جا سکا۔

351 ڈرونز میں سے 90 فیصد سے زیادہ تباہ

یوکرینی فضائیہ کے مطابق روسی حملے میں استعمال کیے گئے دیگر 37 میزائلوں اور 351 ڈرونز میں سے 90 فیصد سے زیادہ ڈرونز کو تباہ کردیا گیا۔

کیف اور گردونواح میں 20 افراد ہلاک، متعدد عمارتیں تباہ

حکام کے مطابق کیف میں کم از کم 14 افراد جبکہ اس کے گردونواح میں مزید 6 افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ شہر بھر میں قریباً 30 عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری

امدادی کارروائیاں پیر کی دوپہر تک جاری رہیں، جہاں ریسکیو ٹیمیں ملبے اور لوہے کے مڑے ہوئے ڈھانچوں کے درمیان زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کرتی رہیں۔

روس کا فوجی اور توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس کی افواج نے کیف اور دیگر مقامات پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید فضائی، زمینی اور بحری ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ ڈرونز کے ذریعے وسیع پیمانے پر حملہ کیا۔

وزارت کے مطابق کیف اور اس کے اطراف فوجی اور توانائی سے متعلق تنصیبات کے علاوہ یوکرین کے مختلف علاقوں میں واقع فوجی ہوائی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

روس نے فضائی حملوں میں شدت بڑھا دی

رپورٹ کے مطابق روس نے رواں سال اپنے فضائی حملوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے، کیونکہ زمینی محاذ پر اس کی پیش قدمی قریباً سست روی کا شکار ہو چکی ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یوکرین کی جانب سے روس کی فوجی رسد اور تیل کی صنعت پر طویل فاصلے تک حملے قرار دیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب یوکرین نے تقریباً 1200 کلومیٹر طویل محاذ پر بعض علاقوں میں دوبارہ اپنا کنٹرول بھی حاصل کیا ہے، اگرچہ روس مشرقی یوکرین کے اسٹریٹجک اہمیت کے حامل شہر کوستیانتینیوکا کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔

صدر زیلنسکی نے ہفتے کے روز روس کے اس دعوے کو مسترد کر دیا تھا کہ اس نے اس شہر پر قبضہ کر لیا ہے۔

یوکرین کا روسی آئل ریفائنریز اور بحری جہازوں پر حملے کا دعویٰ

پیر کے روز کیف کی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے روس کی 3 آئل ریفائنریز کو نشانہ بنایا۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 3 روزہ روس یوکرین جنگ بندی، قیدیوں کے تبادلے کا اعلان

یوکرینی فوج کے مطابق بحیرہ ازوف میں روس کے نام نہاد شیڈو فلیٹ کے 2 بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp