بالی ووڈ اداکارہ سیلینا جیٹلی نے اپنے شوہر پیٹر ہاگ کے ساتھ جاری طلاق اور قانونی تنازع کے دوران خواتین کو شادی سے پہلے قبل از شادی معاہدہ (Prenuptial Agreement) کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کسی خاتون کے پاس ذاتی اثاثے ہوں تو انہیں قانونی طور پر محفوظ بنانا ضروری ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں سیلینا جیٹلی نے دعویٰ کیا کہ انہیں اپنے اثاثے شوہر کے نام منتقل کرنے پر مجبور کیا گیا، جس کے باعث وہ اپنی شادی سے پہلے کی جائیداد اور مالی وسائل سے بھی محروم ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیلینا جیٹلی کا فوجی بھائی یو اے ای میں گرفتار، بھارتی اداکارہ کا اہم بیان بھی سامنے آگیا
انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ کے اپنے اثاثے ہیں تو شادی سے پہلے ضرور قبل از شادی معاہدہ کریں اور اپنے اثاثوں کو الگ رکھیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ آخرکار محبت، اعتماد، ساتھ نبھانے کے وعدے، بچوں کی پیدائش اور زندگی کے تمام خوبصورت لمحات بھی اثاثوں کے تنازع تک محدود ہو کر رہ جاتے ہیں‘۔
سیلینا جیٹلی نے انکشاف کیا کہ انہیں شادی کی پندرہویں سالگرہ پر طلاق کے کاغذات موصول ہوئے۔ ان کے مطابق یہ دستاویزات جرمن زبان میں تھیں، جنہیں انہوں نے اپنے جڑواں بیٹوں سے پڑھوا کر سمجھا۔ ان کا کہنا تھا کہ طلاق کی درخواست میں ان پر مختلف الزامات عائد کیے گئے اور شادی کو ناقابلِ بحالی قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیلینا جیٹلی کا فوجی بھائی یو اے ای میں گرفتار، بھارتی اداکارہ کا اہم بیان بھی سامنے آگیا
اداکارہ نے مزید الزام عائد کیا کہ زندگی کے ایک مشکل مرحلے میں انہیں تقریباً 20 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد منتقل کرنے پر مجبور کیا گیا جس کے بعد وہ اپنے قبل از شادی اثاثوں تک بھی رسائی سے محروم ہو گئیں۔
واضح رہے کہ سیلینا جیٹلی نے 2010 میں آسٹریا سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخصیت پیٹر ہاگ سے شادی کی تھی۔ دونوں کے تین بیٹے ہیں جبکہ ان کا ایک بیٹا دل کی بیماری کے باعث کم عمری میں انتقال کر گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیلینا گومز کا انکشاف: بائی پولر ڈس آرڈر سے پہلے غلط تشخیص، 4 ری ہیب سینٹرز جانا پڑا
نومبر 2025 میں سیلینا جیٹلی نے شوہر کے خلاف گھریلو تشدد کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی شروع کی تھی۔ دوسری جانب پیٹر ہاگ اور ان کے والد نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے سیلینا کو مبینہ ہتکِ عزت پر قانونی نوٹس بھی بھجوایا ہے۔
سیلینا جیٹلی چھ برس بعد ہندی فلم ’سسٹر نیویدیتا‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں واپسی کر رہی ہیں۔ یہ فلم سماجی کارکن اور روحانی شخصیت سسٹر نیویدیتا کی زندگی پر مبنی ہے۔














