پاکستان اپنی شہ رگ کسی صورت غلط ہاتھوں میں نہیں جانے دے گا، سعد رفیق

منگل 7 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی شہ رگ کبھی بھی ان ہاتھوں میں نہیں جانے دے گا جو خودمختاری یا پاکستان سے علیحدگی کی بات کرتے ہیں یا پاکستان اور بھارت کو ایک ہی پلڑے میں تولنے کی کوشش کرتے ہیں۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں انتخابی مہم کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کو ایک پلڑے میں نہیں تولا جا سکتا، کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ بھارتی فوجی کشمیریوں کی جان، مال اور عزت کے درپے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے مجرم اور ان کے وکیلِ صفائی کو ایک ہی کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جا سکتا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔ ایکشن کمیٹی کے متعدد مطالبات پہلے ہی تسلیم کیے جا چکے ہیں، تاہم اس کے بعد ان کی جانب سے 12 نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کی نمائندگی کسی بھی صورت کم نہیں ہونے دی جا سکتی۔ اگر کشمیریوں سے ان کا حقِ رائے دہی چھین لیا جائے تو وہ اپنا ووٹ کہاں ڈالیں گے؟ کیا وہ ووٹ ڈالنے کے لیے مقبوضہ کشمیر جائیں گے؟

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما نے کہا کہ 1947 میں ہم مہاجر بن کر پاکستان آئے تھے، ہمارے پاس کچھ بھی نہیں تھا، مگر پنجاب کے لوگوں نے اپنے دل ہمارے لیے کھول دیے اور ہمیں سینے سے لگایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہیں سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، ہم وزیراعلیٰ بنے اور بار بار عوام نے ہمیں اسی طرح عزت اور اعتماد دیا۔ اب سوال یہ ہے کہ پنجاب کے لوگ ہمارے لیے اس سے بڑھ کر اور کیا کر سکتے ہیں؟ پاکستان کے عوام ہمارے لیے مزید کیا کریں؟

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے مہاجرین کے حلقوں میں انتخابی مہم چلانے کے لیے خواجہ سعد رفیق کو کوآرڈی نیٹر مقرر کیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے لیے یہ ذمے داری طارق فضل چوہدری کو دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp