ویسٹ انڈیز کے دورے کی تیاری، قومی ٹیسٹ کرکٹ اسکواڈ اسلام آباد میں جمع

بدھ 8 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹیسٹ اسکواڈ ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ سیریز کی تیاریوں کے لیے آج اسلام آباد میں جمع ہوگا جہاں قومی کھلاڑی تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے 14 پاکستانی کرکٹرز کو غیر ملکی فرنچائز لیگز میں شرکت کے لیے این او سی جاری کر دیے

پاکستان ٹیم رواں ماہ کے آخر میں ویسٹ انڈیز کے دورے پر جائے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے سلسلے کا حصہ ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اتوار کو ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں بابر اعظم کو دوبارہ قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ 31 سالہ بابر اعظم اس سے قبل 2020 سے 2023 کے دوران 20 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں جبکہ اب انہوں نے شان مسعود کی جگہ سنبھالی ہے۔

شان مسعود نے پاکستان کی جانب سے 16 ٹیسٹ میچز میں کپتانی کی جن میں ٹیم نے 4 فتوحات حاصل کیں جبکہ 12 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی قیادت میں پاکستان کی کامیابی کی شرح 25 فیصد رہی۔

مزید پڑھیے: جدہ میں مجوزہ کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ، سعودی عرب جلد بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کرے گا، محسن نقوی

قومی ٹیم 13 جولائی کو ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہوگی۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان ٹیم 18 جولائی سے 4 روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلے گی تاکہ کھلاڑی کیریبین کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوسکیں۔

ٹیسٹ سیریز کا شیڈول

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں کھیلی جائے گی۔

پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک تارووبا کی برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 2 سے 6 اگست تک پورٹ آف اسپین کے کوئینز پارک اوول میں کھیلا جائے گا۔

ویسٹ انڈیز کے دورے کے بعد پاکستان ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے۔

مزید پڑھیں: لاس اینجلس اولمپکس 2028: کرکٹ کی تاریخی واپسی، ٹیموں کی کوالیفکیشن کا فارمولا سامنے آگیا

انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ 19 سے 23 اگست تک ہیڈنگلے میں، دوسرا 27 سے 31 اگست تک لارڈز میں جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp